عمران خان کا وزیر صحت اور پمز میڈیکل بورڈ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

ہفتہ 27 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل اور پمز میڈیکل بورڈ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں وہ اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد ہتک عزت کا مقدمہ دائر کریں گے۔

تحریک انصاف کے ٹوئٹراکاؤنٹ پر جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے عبدالقادر پٹیل، نیب، وزارتِ صحت اور پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ بیرسٹر ابوذر سلمان نیازی کی سربراہی میں چیئرمین تحریک انصاف کی قانونی ٹیم نے تیاریوں کا آغاز کر دیا۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ’عبدالقادر پٹیل کی شرمناک پریس کانفرنس اور بیہودہ الزام تراشی کےخلاف ہتکِ عزت سمیت دیگر قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’عمران خان کی میڈیکل رپورٹ میں کوکین اور شراب کے اجزاء پائے گئے ہیں۔‘

’ گرفتاری کے بعد پمز ہسپتال میں عمران خان کا طبی معائنہ کروایا گیا جس کے مطابق ان کی ٹانگ میں کوئی فریکچر نہیں تھا، میڈیکل رپورٹ میں عمران خان کی ذہنی صحت پر بھی سوالیہ نشان اٹھائے گئے ہیں۔ ان کی حرکات و سکنات فٹ آدمی کی نہیں تھیں، رپورٹ میں ہے کہ جس آدمی کی دماغی حالت ٹھیک ہو ایسی حرکات نہیں کرسکتا۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp