اسلام آباد پولیس نے شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 2 گھنٹوں پر مشتمل ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق آج دن 11:30 بجے سے 12:30 بجے تک کلب روڈ، مری روڈ اور ایکسپریس ہائی وے پر ٹریفک ڈائیورشنز نافذ کی جائیں گی۔
ترجمان نے بتایا کہ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے متبادل راستوں کے طور پر سری نگر ہائی وے اور اندرون سروس روڈز استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بعدازاں 2.30 تا 3.30 بجے دن تک بھی ٹریفک ڈائیورشنز نافذ ہوگی۔ ان اوقات میں سری نگر ہائی وے سرینا سے جی ٹین تک ڈائیورشنز لگائی جائیں گی۔
شہری متبادل جناح ایونیو، فیصل ایونیو اور اندرون سروس روڈز کا استعمال کریں۔
پولیس کے مطابق شہری کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچنے کے لیے 20 سے 25 منٹ اضافی وقت لے کر روانہ ہوں۔ اس دوران اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران متعلقہ شاہراہوں پر تعینات ہوں گے تاکہ شہریوں کی رہنمائی اور مدد کی جا سکے۔
مزید معلومات یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری ٹریفک ہیلپ لائن 1915 یا پکار 15 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔














