خیبر پختونخوا کے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے صوبے بھر میں گاڑیوں کے لیے منفرد نمبر پلیٹ اجرا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ نمبر پلیٹس بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت معروف شخصیات، قبائل، علاقوں اور اضلاع کے ناموں پر مشتمل ہوں گی، جس کے لیے باقاعدہ بولی 27 جنوری کو ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں ترقیاتی عمل کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی
صوبائی محکمہ پہلی بار اس نوعیت کے منفرد گاڑی نمبرز متعارف کرا رہا ہے اور پہلے مرحلے میں 25 ایسے منفرد نمبر پلیٹوں کی نیلامی کی جائے گی، جو مختلف قبائل، علاقوں، اضلاع اور شخصیات کے ناموں پر مشتمل ہوں گے۔
محکمہ ایکسائز کے پی نے پرسنلائز گاڑیوں کے نمبر پلیٹ کی نیلامی کا اعلان کردیا
نیلامی می عمران خان-1، عمران خان-804 نمبر پلیٹ کی بنیادی قیمت 10لاکھ روپے مقرر کردی گئی pic.twitter.com/HtVXonLWoO
— Rizwan Ghilzai (Remembering Arshad Sharif) (@rizwanghilzai) January 12, 2026
محکمہ ایکسائز کی جانب سے جاری نیلامی نوٹس کے مطابق، منظور شدہ 25 نمبرز میں قبائل یا قوموں کے ناموں پر خلیل 1، ارباب 1، گنڈاپور 1، آفریدی 1، کنڈی 1، سواتی 1، یوسفزئی 1، محسود 1، خٹک 1 اور دیگر شامل ہیں۔
اسی طرح اضلاع اور علاقوں کے ناموں پر ایبٹ آباد 1، ہری پور 1، مالاکنڈ 1، صوابی 1 اور دیگر شامل ہیں، جبکہ شخصیات کے ناموں میں عمران خان 1 اور عمران خان 804 شامل ہیں۔
محکمے کے مطابق ان منفرد نمبرز کے لیے بولی 27 جنوری کو پشاور کے نشتر ہال میں ہو گی۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں پولیس کا کامیاب آپریشن، 8 دہشتگرد ہلاک
محکمے کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق نیلامی کی بنیادی قیمت 10 لاکھ روپے ہو گی، جبکہ نیلامی میں حصہ لینے کے لیے ایک لاکھ روپے سیکیورٹی جمع کرانا ہو گی۔
محکمے کے مطابق اگر کسی امیدوار کو اپنی پسند کا نمبر درکار ہو تو بولی سے قبل درخواست دینا ہو گی، تاکہ اسی نام کو بولی میں شامل کیا جا سکے۔
محکمے کے ایک افسر نے بتایا کہ صوبے میں پسندیدہ نمبر پلیٹس کا رجحان بڑھ رہا ہے، اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے منفرد نمبرز کے اجرا کا فیصلہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں: وفاق کے ذمے واجب الادا فنڈز کے حصول کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ ہوں، گورنر خیبرپختونخوا
’ہمارے معاشرے میں لوگ اپنے قبیلے یا علاقے کا نام فخر سے لکھتے ہیں، اب کوئی بھی ادائیگی کر کے قانونی طور پر اسی نام کی نمبر پلیٹ حاصل کر سکتا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ منفرد نمبر پلیٹس سے صوبے کو اضافی آمدن حاصل ہو گی، جبکہ مستقبل میں اس منصوبے کو مزید وسعت دی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ بولی میں کچھ ناموں کی نمبر پلیٹس کے بارے میں توقع ہے کہ زیادہ بولی آئے گی، جس سے محکمے کو فائدہ ہو گا۔














