قومی پیغامِ امن کمیٹی نے گورنر ہاؤس خیبر پختونخوا میں ایک اہم پریس کانفرنس منعقد کی، جس میں تمام مکاتبِ فکر کی دینی قیادت نے دہشتگردی کو متفقہ طور پر غیر اسلامی قرار دیتے ہوئے امن، اتحاد اور ریاست کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔
خیبر پختونخوا کو اولین ترجیح قرار
قومی پیغامِ امن کمیٹی کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ خیبر پختونخوا دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے، اسی لیے کمیٹی کی سرگرمیوں میں اسے اولین ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جہاں جہاں امن کی ضرورت ہوگی، قومی پیغامِ امن کمیٹی وہاں دورے کرے گی۔
پیغامِ پاکستان: آئین کے بعد مضبوط ترین قومی دستاویز
دینی قیادت نے متفقہ طور پر پیغامِ پاکستان کو آئین کے بعد سب سے مضبوط قومی اتفاقِ رائے کی دستاویز قرار دیا۔ علما نے کہا کہ پیغامِ پاکستان پوری قوم کو ایک لڑی میں پرونے والا ضابطہ ہے جو دہشتگردی، انتہا پسندی اور فتنہ کے خلاف واضح رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے قومی بیانیے کا فروغ، قومی پیغام امن کمیٹی نے ڈی جی آئی ایس پی آر کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی
دہشتگردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں
پریس کانفرنس میں واضح اعلان کیا گیا کہ دہشتگردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ تمام مکاتبِ فکر کے علما نے دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بے گناہ انسان کا قتل حرام ہے اور اسلام امن، محبت اور رواداری کا دین ہے۔
سرحد پار دہشت گردی پر تشویش
قومی پیغامِ امن کمیٹی نے کہا کہ دہشتگردی کے زیادہ تر واقعات سرحد پار سے منسلک ہیں اور مطالبہ کیا کہ افغانستان سے پاکستان میں امن یقینی بنایا جائے۔ علما نے زور دیا کہ خطے میں امن کے لیے مشترکہ اور سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔
ریاست اور افواجِ پاکستان سے بھرپور یکجہتی
دینی قیادت نے ریاستِ پاکستان اور افواجِ پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کو اسلام اور امن کے محافظ قرار دیا۔ علما نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی حمایت دینی فریضہ ہے اور فتنہ و فساد کے خلاف جدوجہد کو جہادِ اکبر قرار دیا گیا۔
مزید پڑھیں: قومی علما و مشائخ کانفرنس میں پاک فوج سے بھرپور اظہارِ یکجہتی، عسکری قیادت کو خراجِ تحسین
خوارج اور فتنہ پر سخت مؤقف
مفتی عبد الرحیم نے کہا کہ دشمنوں کی حمایت خوارج سے بھی بدتر عمل ہے اور خوارج کے خلاف جدوجہد کو حق اور درست قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فتنہ کے خلاف خاموشی بھی جرم کے مترادف ہے۔
یومِ پیغامِ پاکستان منانے کا اعلان
قومی پیغامِ امن کمیٹی نے اعلان کیا کہ اس جمعہ کو ملک بھر میں یومِ پیغامِ پاکستان منایا جائے گا، جس کا مقصد امن، اتحاد، ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔ کمیٹی نے امن کے قیام میں اپنے کلیدی کردار کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔














