پاکستان تحریک انصاف کی رکن سندھ اسمبلی رابعہ اظفر نظامی نے بھی پارٹی کو خیر باد کہتے ہوئے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔
رہنما تحریک انصاف و رکن سندھ اسمبلی رابعہ اظفر نظامی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’میں نے ایک مقصد کے لیے سیاست میں شمولیت اختیار کی اور اپنے آئی ٹی کے پیشے کو ثانوی حیثیت دی، لیکن گزشتہ 5 سالوں میں انسداد منشیات، بچوں کے تحفظ، وزارت تعلیم پر تنقید اور یتیم بچوں کے حقوق کے لیے قانون سازی میں چند اہم ترامیم کے علاوہ اپنا زیادہ حصہ نہیں ڈال سکیں۔‘
رابعہ اظفر نے کہا کہ ’میں اپنی سیاسی مہم جوئی کی قیمت پر اپنے بچوں کو خطرے میں ڈالنے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ میں پی ٹی آئی، تمام سرکاری عہدے اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کرتی ہوں۔ سماجی خدمت کے مقصد کو پورا کرنے کے لیے متبادل راستہ تلاش کروں گی۔‘
I joined politics for a purpose and kept my IT profession as secondary, but in last 5 years unable to contribute much except few critical amended legislations on anti narcotics, child protection, critique to Educational Ministry and legal battles for Orphans and Child Rights. I…
— Rabia AzfarNizami (@rabiaazfar) May 26, 2023
رابعہ اظفر نے کہا کہ ’ 9 مئی کو جو کچھ ہوا، میں اس کی مذمت کرتی ہوں کیوں کہ پاکستان کو وفاق کے طور پر برقرار رکھنے کے لیے مسلح افواج اٹوٹ انگ ہیں۔ افواج پاکستان ملک کی تحفظ کی ضامن ہیں۔‘
واضح رہے کہ 9 مئی کے بعد پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد اہم رہنما پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں۔
ان میں سے بعض رہنماؤں نے سیاست سے ہی لا تعلقی کا اعلان کردیا ہے۔