وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کے مسائل سیاستدان حل کرسکتے ہیں نا کہ ٹیکنو کریٹس، کوئی ونڈر بوائے نہیں آ رہا۔
مزید پڑھیں: حکومت سپر اسپیڈ سے نکل کر ’ونڈر بوائے‘ کی تلاش میں مصروف ہے، بیرسٹر گوہر
وی نیوز کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ ملک میں کوئی ونڈر بوائے نہیں آ رہا، مسلم لیگ ن کی حکومت یا وزیراعظم شہباز شریف کو کسی سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور یہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔
مصدق ملک نے کہاکہ پاکستان میں معدنیات کا بہت پوٹینشل ہے اور آنے والے سالوں میں دنیا کی ہر نئی چیز میں استعمال ہونے والے تانبے کے پاکستان میں وسیع ذخائر ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ موجودہ حکومت کا واحد ہدف غریب اور عام آدمی کے مسائل کا خاتمہ ہے اور وہ یہ ہدف اپنی مدت پوری ہونے سے پہلے حاصل کرنے کے لیے بے پناہ کوشش کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان کو آگے لے جانے کے لیے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ایک پیج پر، تعلقات میں دراڑ کی باتیں بے بنیاد
ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر مصدق ملک نے کہاکہ یہ تاثر غلط ہے کہ انہیں وزارت موسمیاتی تبدیلی میں کام کرنا اچھا نہیں لگتا بلکہ درحقیقت انہوں نے یہ وزارت وزیراعظم شہباز شریف سے مانگ کر لی تھی۔













