استور: برفانی تودے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے فوج کا ریسکیو آپریشن جاری، 8 لاشیں نکال لی گئیں

ہفتہ 27 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان کے ضلع استور میں خانہ بدوشوں کے قافلے پر برفانی تودہ گرنے سے 10 افراد جاں بحق جبکہ 25 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے امدادی سرگرمیاں فوری شروع کر دی تھیں اور اب پاک فوج بھی وہاں پر پہنچ گئی ہے جس کے بعد 8 افراد کی میتوں کو تودے سے نکال لیا گیا ہے جبکہ 13 زخمی افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

حادثہ استور کے شونٹر ٹاپ کے مقام پر پیش آیا ہے، جہاں 3 خانہ بدوش خاندانوں کے 10 افراد کی اموات کی تصدیق چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے کردی ہے۔

ایس پی استور شیرین خان نے میڈیا کو بتایا کہ تودہ اس وقت گرا جب خانہ بدوش شونٹر ٹاپ پر خیموں میں موجود تھے۔ برفانی تودہ کی زد پہ تین خاندان آئے ہیں۔

شونٹر ٹاپ گلگت بلتستان کے صوبائی دارالحکومت گلگت سے تقریبا 200 کلومیٹر دور ہے جو آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو ملاتا ہے۔

اب تک موصولہ کی اطلاعات کے مطابق حادثہ گزشتہ رات گئے پیش آیا ہے جب قافلہ ایک مقام پر خیمے لگا کر آرام کر رہا تھا۔ ایس پی شیرین خان کے مطابق بکر وال خانہ بدوشوں کا متاثرہ قافلہ تین گھرانوں پر مشتمل تھا، جس میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں ۔

’ملک کے مختلف علاقوں سے خانہ بدوش ہر سال موسم گرما میں دو سے 4 ماہ کے لئے استور آتے ہیں اور اس دوران وہ اپنے ساتھ بھیڑ بکریاں بھی لاتے ہیں اور چراہ گاہوں میں قیام پذیر ہوتے ہیں۔‘

وزیر اعلٰی گلگت بلتستان خالد خورشید نے استور میں واقع شونٹر ٹاپ پر برفانی تودہ گرنے کے حادثے پراظہار افسوس کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کو فوری ریسکیو آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی۔

وزیرِ اعلٰی خالد خورشید کی جانب سے جاری بیان میں ہدایت کی گئی ہے کہ دبے افراد کے سرچ اینڈ ریسکیو کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے جلد متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے کا بھی کہا ہے۔

این ڈی ایم اے نے پاک فوج کو 2 ہیلی کاپٹرز فراہم کر دیے

دوسری جانب گلگت بلتستان کے علاقے استور کے قریب برفانی تودہ گرنے کے واقعہ کے بعد ’این ڈی ایم اے‘ نے پاک فوج کو 2 ہیلی کاپٹرز فراہم کر دیے ہیں جو موسم کی جانچ پڑتال کے بعد استعمال کیے جائیں گے۔

ترجمان ’این ڈی ایم اے‘ نے بتایا کہ ہم مقامی انتظامیہ، جی بی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122 کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ فورس کمانڈر شمالی علاقہ جات کو ریسکیو اور ریکوی کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے،امدادی کارروائیوں کے بعد 11 افراد زندہ نکالے جا چکے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق اب تک ایک شخص کی لاش کو تودے سے نکالا گیا ہے۔

پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری

گلگت بلتستان کی وادی شونٹر میں برفانی تودے کی زد میں آنے والے افراد کو نکالنے کے لیے پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

پاک فوج کی امدادی اور ریسکیو ٹیموں نے سول انتظامیہ کے تعاون سے اب تک 8 جاں بحق افراد کو زیرِ برف تودہ سے نکال لیا ہے اور امدادی کاوشوں کے نتیجہ میں 13 زخمی افراد کو بحفاظت ڈی ایچ کیو ہسپتال استور پہنچا دیا گیا ہے۔

پاک فوج کا میڈیکل کنٹرول روم بھی اسی ضمن میں تیار کر لیا گیا ہے تاکہ زخمیوں کے میڈیکل اور امدادی سرگرمیوں کو تیزی سے بر وقت جاری رکھا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp