نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 16 سے 22 جنوری کے دوران شمالی علاقہ جات میں شدید برفباری اور بارش کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے باعث گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں شدید بارش اور برفباری متوقع ہے۔
گلگت، ہنزہ، اسکردو، استور، چترال، دیر، مالم جبہ، سوات، بٹگرام، ناران، کاغان، گلیات اور مری میں درمیانی سے شدید برفباری کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی سمیت سندھ میں بارش، بالائی علاقوں میں شدید برفباری کا امکان
اسی طرح آزاد کشمیر کے نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ اور پونچھ میں بھی بارش اور برفباری متوقع ہے۔ شدید برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن، عارضی بندش اور حدِ نگاہ میں کمی کا خدشہ ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 16 سے 22 جنوری کے دوران شمالی علاقہ جات میں شدید برفباری کا الرٹ جاری کر دیا۔
مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کی آمد کے باعث گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیرمیں شدید بارش اور برفباری متوقع @AmirSaeedAbbasi @Aadiiroy2 pic.twitter.com/K2uHOMRETc— Media Talk (@mediatalk922) January 16, 2026
این ڈی ایم اے کے مطابق 20 سے 23 جنوری کے دوران پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، جس کے باعث بعض مقامات پر بجلی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور اگر سفر ناگزیر ہو تو گاڑی کے ٹائروں پر حفاظتی زنجیروں کا استعمال یقینی بنائیں۔ شدید سرد موسم میں گرم کپڑوں اور ہیٹر کے محفوظ استعمال پر توجہ دی جائے جبکہ بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
مزید پڑھیں: ملک کے شمالی علاقوں میں شدید سردی، برفباری کے بعد یخ بستہ ہواؤں کا راج
ادارے نے صوبائی محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ برفباری کے پیش نظر پیشگی اقدامات، ضروری مشینری کی دستیابی اور سیاحتی مقامات پر رہائشی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے آمد و رفت کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ موسم سے متعلق مستند معلومات کے لیے ٹی وی، ریڈیو، تصدیق شدہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔













