پشاور سے تحریک انصاف کے سابق ایم این اے شوکت علی نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا

ہفتہ 27 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور سے پاکستان تحریک انصاف کے سابق ایم این اے شوکت علی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا پاکستان تحریک انصاف سے استعفی دے رہا ہوں۔ میں نے یہ فیصلہ 9 اور 10 مئی کو ہونے والے واقعات کی بناء پر کیا ہے۔

پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شوکت علی نے کہا کہ 9 اور 10 مئی کے واقعات پر مجھے میرا ضمیر ملامت کر رہا ہے۔ فوج ہماری ہے، عوام ہمارے ہیں، میں جمہوریت پسند انسان ہوں 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ جمہوریت نہیں تھی۔

پشاور سے تحریک انصاف کے سابق ایم این اے شوکت علی نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ پاکستان کے عوام اور پاک فوج آمنے سامنے ہوں۔ ملک ہوگا تو ہم ہوں گے، عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تحریک انصاف کی رکنیت سے بھی مستعفی ہوگئے ہیں اور ضمنی انتخابات کا ٹکٹ بھی واپس کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کا فیصلہ اپنے ساتھیوں کی مشاورت کے بعد کروں گا۔

یاد رہے کہ شوکت علی پشاور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 31 پشاور فور سے 2018 سے 2022 تک ممبر قومی اسمبلی رہے ہیں۔ شوکت علی 2018 کے عام انتخابات میں سینئر سیاستدان غلام احمد بلور کر شکست دیکر اسمبلی پہنچے تھے۔ 10 اپریل 2022 کو سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی منظوری پر پارٹی چیئرمین کے حکم پر شوکت علی نے قومی اسمبلی سے استعفی دے دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp