سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس، جو پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، جمعے کے روز عالمی سطح پر شدید تکنیکی خرابی کا شکار ہوگیا۔ ایک ہفتے کے دوران یہ دوسرا موقع ہے جب صارفین کو پلیٹ فارم تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: خود کو ایلون مسک کے بیٹے کی ماں قرار دینے والی خاتون نے ایکس اے آئی پر مقدمہ دائر کردیا
دنیا کے مختلف حصوں سے صارفین نے بتایا کہ ویب سائٹ اور موبائل ایپ لوڈ نہیں ہو رہی تھی جبکہ کئی افراد کو خالی اسکرین نظر آئی۔ بعض صارفین کے مطابق انہیں کلاؤڈ فلیئر کی ایرر اسکرین بھی دکھائی دی، تاہم مسئلہ پلیٹ فارم کے اندرونی نظام سے متعلق تھا اور حالیہ کلاؤڈ فلیئر خرابی سے مختلف بتایا گیا۔
کئی صارفین نے شکایت کی کہ ایپ مکمل طور پر بند رہی جبکہ بعض کو کئی گھنٹے پرانی پوسٹس دکھائی دیتی رہیں۔ تکنیکی مسائل پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق شام 8:15 بجے شکایات کی تعداد 315 تک پہنچ گئی، جو کچھ دیر بعد کم ہو کر 245 رہ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر: گڑبڑ کے پیچھے کلاؤڈ فلیئر، یہ ہے کیا؟
امریکا میں مقامی وقت کے مطابق صبح 10:35 بجے تک ایکس سے متعلق 41 ہزار سے زائد شکایات رپورٹ ہوئیں۔ برطانیہ میں تقریباً 8 ہزار جبکہ بھارت میں 2400 سے زیادہ مسائل سامنے آئے۔ پاکستان میں شکایات کی تعداد شام 7:38 بجے 93 تک پہنچی جو بعد ازاں 8:23 بجے کم ہو کر 4 رہ گئی۔
پلیٹ فارم انتظامیہ کی جانب سے اس تکنیکی خرابی پر فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ منگل کے روز بھی دنیا بھر میں ہزاروں صارفین کو ایکس تک رسائی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس وقت امریکا میں شکایات کی تعداد 28 ہزار سے تجاوز کر گئی تھی، تاہم بعد میں صورتحال بہتر ہونا شروع ہوگئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ایکس اے آئی میں ڈاؤن سائزنگ، 500 سے زیادہ ملازمین نوکری سے فارغ
اس سے قبل نومبر 2025 میں ایک تکنیکی مسئلے کے باعث ایکس کچھ دیر کے لیے بند ہوگیا تھا، جبکہ مارچ 10 گزشتہ سال پاکستان سمیت دنیا بھر میں پلیٹ فارم پر خرابی سامنے آئی تھی، جسے اس وقت سائبر حملے کا نتیجہ قرار دیا گیا تھا۔













