مذاکرات کے لیے محمود اچکزئی اگر عمران خان کی رہائی کے مطالبے سے پیچھے ہٹے تو بھی قبول ہوگا، بیرسٹر گوہر

ہفتہ 17 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے محمود خان اچکزئی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپوزیشن لیڈر نامزد کیا اس لیے اچکزئی کا ہر فیصلہ پی ٹی آئی کو قبول ہوگا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ان کے خیال میں محمود خان اچکزئی عمران خان کی رہائی کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: محمود خان اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری

وی ایکسکلوزیو میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ محمود خان اچکزئی نہ صرف ایک پارلیمنٹیرین کے طور پر اپنا کردار ادا کریں گے بلکہ اپنے آئینی اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے پارٹی کو آگے بڑھائیں گے اور جمہوریت کے استحکام میں اہم کردار ادا کریں گے۔

’دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں‘

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کا ہر صورت خاتمہ ہونا چاہیے اور اس معاملے میں کسی قسم کی نرمی یا رعایت کی کوئی گنجائش نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو عناصر ہمارے جوانوں، افسران، فوج، پولیس، سرکاری ملازمین، معززین، مساجد، امام بارگاہوں، نمازگاہوں اور جنازہ گاہوں کو نشانہ بناتے ہیں ان کا نہ کوئی مذہب ہے اور نہ ہی کوئی سرحد، وہ سب دہشتگرد ہیں اور ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کسی صورت قابل قبول نہیں اور اس کے خلاف ایک واضح، مضبوط اور دو ٹوک مؤقف ہونا چاہیے۔

مزید پڑھیے: ٹی ٹی پی دہشتگرد جماعت، اس معاملے پر اداروں کے مؤقف کے ساتھ ہیں، بیرسٹر گوہر

تاہم خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے جرگے کے انعقاد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ ایک سیاسی عمل کا حصہ تھا اس پہلو کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ کوئی دہشتگردی کی حمایت کر رہا ہے۔

اپوزیشن اتحاد کا پہیہ جام ہڑتال کا اعلان

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے قومی کانفرنس میں احتجاجی تحریک کے تحت شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔

ان کے مطابق عوام کا مینڈیٹ چوری ہوا ہے جس کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا جیسا کہ ماضی میں بھی کیا جا چکا ہے اور یہ احتجاج پورے پاکستان میں ہوگا۔

مزید پڑھیں: حکومت سے مذاکرات کے لیے تیار، سیاسی قیدی رہا اور نئے الیکشن کرائے جائیں، اپوزیشن اتحاد

اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن سے متعلق بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 7 اگست سے یہ نوٹیفکیشن روکا ہوا تھا جس کا اب جاری ہونا ایک مثبت پیشرفت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ یہ فیصلہ تاخیر سے آیا تاہم اس کے باوجود اسے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔

’عمران خان اور بشریٰ بی بی کی رہائی کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی‘

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی رہائی کے لیے بھی بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیے: سردی پھر رمضان، پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے نئے سال میں کب سے احتجاج کا پلان بنا رہی ہے؟

انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کا مؤقف واضح ہے کہ سیاست میں اتحاد اور مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر چلنا جمہوری عمل کا حصہ ہے جیسا کہ حکومت اور پارلیمان میں بھی متعدد جماعتیں محدود نمائندگی کے باوجود شامل ہوتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp