کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں گزشتہ رات لگنے والی شدید آتشزدگی کے بعد قریباً 56 افراد تاحال لاپتا ہیں، اور ان کے اہل خانہ اسپتالوں اور عمارت کے گرد اپنے پیاروں کی تلاش میں مصروف ہیں۔
گل پلازہ میں ہفتے کی رات سوا 10 بجے کے قریب گراؤنڈ فلور پر آگ لگی، جو دیکھتے ہی دیکھتے تیسری منزل تک پھیل گئی اور شدید نقصان کا سبب بنی۔
سانحہ گل پلازہ متاثرین اپنے پیاروں کو تلاش کررہے ہیں
Karachi Gul plaza fire update 💔
#gulplaza
#KarachiFire
#KarachiUpdates
#BreakingNews
#karachinews
#karachi pic.twitter.com/rFYuSxKwuM— Sumair jamil (@sumair_shah123) January 18, 2026
میڈیا رپورٹ کے مطابق، آتشزدگی کی شدت کے باعث عمارت کے کچھ حصے گر گئے، اور ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ ایک فائر فائٹر سمیت 6 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 20 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے کچھ زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اہل خانہ کے مطابق رات تک متاثرہ افراد سے رابطہ ممکن تھا لیکن اب فون بند ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ کئی افراد اب بھی عمارت کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔ سول اسپتال کے برنس سینٹر کے باہر بھی متاثرہ افراد کے اہل خانہ کی بڑی تعداد جمع ہے، جو اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے بے چینی کا شکار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:گل پلازہ میں آگ سے 6 افراد جاں بحق، وزیراعظم اور وزیرداخلہ کا اظہارِ افسوس
حکام کے مطابق، جاں بحق افراد میں فراز، کاشف، عامر اور شہروز شامل ہیں، جبکہ فائر فائٹر فرقان کی لاش بھی ٹرمام سینٹر پہنچائی گئی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں آگ پر قابو پانے اور لاپتا افراد کو تلاش کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، مگر صورتحال اب بھی نازک اور غیر یقینی ہے۔
حکام کے مطابق لاپتا افراد میں سے مجموعی طور پر 56 افراد کی تفصیلات جمع کرلی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ساؤتھ آفس کی طرف سے قائم ہیلپ ڈیسک میں ڈیٹا جمع کیا جارہا ہے۔













