سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی عمران خان کو خدا حافظ کہہ دیا

ہفتہ 27 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق گورنر سندھ و پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما عمران اسماعیل نے تحریک انصاف کو خدا حافظ کہہ دیا ہے اور ساتھ ہی تمام پارٹی عہدوں سے مستعفی ہو گئے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ میں ان لوگوں میں شامل تھا جنھوں نے تحریک انصاف کا سنگ بنیاد رکھا اور پھر ایک لمبی جدوجہد کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک خواب دیکھا تھا کہ ہماری جدوجہد کی وجہ سے ملک میں خوشحالی آئے گی۔ اسی خواب کو لے کر ہم آگے چلتے رہے جس کے بعد 2018 میں ہمیں حکومت میں آنے کا موقع ملا۔

یہ بھی پڑھیں:اسد عمر پارٹی عہدوں سے مستعفی، 9 مئی کے واقعات کی مذمت کر دی

یہ بھی پڑھیں:شیریں مزاری نے تحریک انصاف چھوڑدی، فیاض الحسن چوہان کا بھی اعلان برأت

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ساتھ بہت اچھا رہا۔ ہم نے حکومت ختم ہونے کے بعد ایک نئی جدوجہد کی جس کے بعد ایک بیانیہ سامنے آنا شروع ہو گیا کہ تحریک انصاف کا مقابلہ فوج سے ہے۔

انھوں نے کہا کہ وہ لوگ آج بیٹھ کر سوچیں جو عمران خان کو غلط مشورے دیتے رہے۔ عمران خان کی گرفتاری کے بعد میں شاہ محمود کے ساتھ اسلام آباد چلا گیا لیکن جو کچھ ہو رہا تھا میں سوچ رہا تھا کہ یہ مناسب نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ہاشم ڈوگر، تیمور بھٹی، چوہدری اخلاق، مامون تارڑ اور منصب علی بھی پی ٹی آئی چھوڑنے والوں میں شامل ہو گئے

یہ بھی پڑھیں:پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے بھی پارٹی سے راہیں جدا کر لیں

سابق گورنر سندھ نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے کس نے کیے مگر جس نے بھی ایسا کیا اسے سزا ملنی چاہیے کیوں کہ ہم سب کا دل پاک فوج کے ساتھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی فوجی 50 ہزار کے لیے بارڈر پر جان دینے کے لیے تیار نہیں ہوتا بلکہ یہ ایک جذبے کے تحت کیا جاتا ہے کیوں کہ ان لوگوں کو معلوم ہوتا ہے کہ قوم ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ شاید یہ آج میری آخری پریس کانفرنس ہو۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp