وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کچھ لوگ کراچی آتشزدگی واقعہ پر سیاست کر رہے ہیں، وزیراعظم نے رابطہ نہیں کیا، ہم تاجروں کے نقصان کا شفاف طریقے سے مداوا کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کئی گھرانوں کے چراغ گُل کرنے والی گل پلازہ کی آگ میں متعدد افراد لاپتا، اہل خانہ پریشان
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں آگ سے تباہ شدہ گل پلازے کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی میں موجود نہیں تھے، انہیں رات گئے آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ ’میں میئر کراچی اور چیف سیکریٹری سے رابطے میں تھا، سعید غنی نے بھی یہاں کا دورہ کیا ہے۔‘
کراچی گل پلازہ میں اگ لگنے کے کوئی 19 گھنٹے بعد وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ جائے وقوع پر پہنچ گئے
اب تک چھ افراد کی ہلاکت اور 20 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 50 سے زائد لاپتہ ہیں pic.twitter.com/SDniKuKHYH— Shahid Hussain (@ShahidHussainJM) January 18, 2026
مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ بہت افسوس ناک واقعہ ہے، کچھ لوگ سیاست کر رہے ہیں، وزیراعظم نے ذاتی طور پر مجھ سے ابھی تک رابطہ نہیں کیا لیکن میڈیا میں دیکھا ہے کہ انہوں نے نوٹس لیا ہے، کہا جا رہا ہے کہ 58 کے قریب لوگ لاپتا ہیں، اللہ کرے ان لاپتا لوگوں میں سے کوئی ایک مل جائے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی گل پلازہ آتشزدگی: وزیراعلیٰ سندھ کو رپورٹ پیش کردی گئی
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بولٹن مارکیٹ کراچی میں جو سانحہ ہوا تھا تو صدر آصف علی زرداری نے خود وفاق سے مدد دلوائی تھی، ہم نے لوگوں کو مالی امداد دی تھی، اس کے بعد ٹمبر مارکیٹ میں آگ لگی تھی اس میں بھی لوگوں کی مالی امداد کی تھی، اب بھی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں پر چھوٹے تاجروں کا نقصان ہوا ہے، اس پر شفاف طریقے سے تحقیقات کی جائیں گی اور تاجروں کے نقصان کا مداوا کیا جائے گا۔













