انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ 2026 کے پیشِ نظر بھارت میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان نژاد کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ویزا کلیئرنس کے معاملے کو حل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انڈیا کا ٹی20 ورلڈکپ کے لیے پاکستانی نژاد غیرملکی کھلاڑیوں کو ویزا دینے سے انکار
جے شاہ کی قیادت میں آئی سی سی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے کہ پاکستانی نژاد کھلاڑی اور افسران کو بروقت بھارتی ویزے مل جائیں، کیونکہ یہ ٹورنامنٹ فروری سے مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی سی سی مختلف بین الاقوامی اسکواڈز میں شامل تقریباً 42 ایسے کھلاڑیوں اور افسران کے ویزا عمل کو مربوط کر رہا ہے جو پاکستانی شہریت یا پاکستانی نسل سے تعلق رکھتے ہیں۔
کئی فل ممبر اور ایسوسی ایٹ ممالک کی ٹیموں میں پاکستانی نژاد کھلاڑی شامل ہیں، مثال کے طور پر انگلینڈ کی ٹیم میں اسپنرز عادل رشید اور ریحان احمد کے ساتھ فاسٹ بولر ثاقب محمود شامل ہیں، جبکہ امریکا کی ٹیم میں علی خان اور شایان جہانگیر شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ، آئی سی سی کا وفد بنگلہ دیش کو بھارت میں کھیلنے پر قائل نہ کر سکا
نیدرلینڈز کے اسکواڈ میں ذوالفقار ثاقب جبکہ کینیڈا کی ٹیم میں اسٹاف ممبر شاہ سلیم ظفر شامل ہیں۔ انگلینڈ اور نیدرلینڈز کے کھلاڑیوں اور بعض آفیشلز کے ویزے پہلے ہی کلیئر ہوچکے ہیں۔
آئی سی سی ویزا درخواستوں کو بروقت اور فعال انداز میں سنبھال رہا ہے تاکہ آخری لمحات میں کسی بھی قسم کی پیچیدگی پیدا نہ ہو۔ اس مقصد کے لیے مختلف ممالک میں بھارتی ہائی کمیشنز کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھا جارہا ہے، تاکہ باقی کھلاڑیوں اور معاون عملے کی درخواستیں بھی بغیر کسی غیر ضروری تاخیر کے مکمل ہوں۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب کچھ امریکی کرکٹرز جن میں علی خان، شایان جہانگیر، محمد محسن اور احسان عادل ویزا کلیئرنس کے منتظر ہیں، جس پر سوشل میڈیا پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹ میں بھارت کا سیاسی طرز عمل، قومی کرکٹرز نے آئی سی سی کی خاموشی پر سوالات اٹھا دیے
اگرچہ پاکستان کرکٹ ٹیم پی سی بی کی بھارت سفر سے انکار کے باعث اپنے تمام میچ سری لنکا میں کھیلے گی، تاہم آئی سی سی کی مداخلت دیگر ٹیموں کے پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کی شرکت کو ممکن بنانے کی کوششوں کی عکاس ہے، تاکہ اس بڑے ایونٹ سے قبل کسی بھی سفارتی یا لاجسٹک مسئلے سے بچا جاسکے۔













