وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں الیکٹرک بسیں سردی کے موسم میں عوام کے لیے ایک نعمت ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں کے لوگ سستی اور لگژری سفری سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں اور عام آدمی مریم نواز کے اس اقدام پر دعائیں دے رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی میں گرین انیشی ایٹیو کے تحت الیکٹرو بس سروس کا باضابطہ آغاز
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کا ہر منصوبہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہے اور پنجاب میں دوبارہ عوام کی نمائندہ حکومت آنے کے بعد ترقی اور خوشحالی بھی واپس آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ہر ضلعے میں یکساں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، اور مسلم لیگ (ن) کا منشور ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہے۔

وزیر اطلاعات نے ماضی کی حکومتوں پر بھی تنقید کی اور کہا کہ پنجاب کے عوام کو بزدار اور گوگی جیسے لوگوں نے جھانسہ دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو لوگ اسٹریٹ موومنٹس چلانے آئے تھے، وہ آج کرسی کی حفاظت کی فکر میں ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فلمی ڈائیلاگ مارنے اور ہوا میں تیر چلانے سے تحریکیں نہیں چلتی بلکہ عملی کام عوام کے لیے ضروری ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے اڈیالہ جیل میں موجود ایک رہائشی کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ مستقل رہائشی جیل میں فرسٹریشن کا شکار ہو چکا ہے اور اس کی انتشار کی سیاست کی وجہ سے اس کے اپنے بھی اس کے ساتھ نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں عوام کی زندگی بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور لگژری اور سستی سفری سہولیات عوام کو روزمرہ کے مسائل سے ریلیف فراہم کر رہی ہیں۔














