سعودی ایئرلائنز نے سعودی ٹورازم اتھارٹی کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت ایک خصوصی طیارہ متعارف کرایا ہے جس پر ’Saudi, Welcome to Arabia‘ کا ڈیزائن نمایاں ہے۔
اس اقدام کا مقصد مملکتِ سعودی عرب کو عالمی سیاحتی مرکز کے طور پر مزید مضبوط بنانا ہے، یہ طیارہ ایک متحرک تشہیری ذریعہ کے طور پر کام کرے گا جو خالص سعودی مہمان نوازی کی عکاسی کرتے ہوئے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق دنیا بھر سے سیاحوں کو متوجہ کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
مزید پڑھیں: نومبر 2025: سعودی عرب میں ثقافت، سیاحت، معیشت اور کھیلوں کی سرگرمیوں کا غیر معمولی مہینہ
سعودی ایئرلائنز کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق نیا ڈیزائن رکھنے والا طیارہ کمپنی کے بین الاقوامی روٹس پر پرواز کرے گا اور سال بھر جاری رہنے والی تشہیری مہم کے تحت خوش آمدید کے پیغامات لے کر دنیا بھر میں سفر کرے گا۔
یہ مہم سعودی عرب میں تیزی سے فروغ پاتی سیاحت کو اجاگر کرنے کا حصہ ہے۔ سعودی ایئرلائنز اپنے عالمی نیٹ ورک کے ذریعے ان کوششوں میں کردار ادا کررہی ہے، جو 4 براعظموں میں 100 سے زیادہ مقامات تک پھیلا ہوا ہے۔
یہ طیارہ سعودی عرب کی منفرد اور متنوع سیاحتی صلاحیتوں کی نمائندگی کرتا ہے۔
سعودی گروپ کے ڈائریکٹر جنرل انجینیئر ابراہیم العمر نے کہاکہ سعودی ٹورازم اتھارٹی کے ساتھ شراکت داری اس بات کی بہترین مثال ہے کہ قومی اہداف پر ہم آہنگی کس طرح عملی نتائج پیدا کر سکتی ہے۔
ان کے مطابق سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد مشترکہ کوششوں کی کامیابی کا ثبوت ہے، جس کا مقصد سعودی عرب کو دنیا کے نمایاں سیاحتی ممالک میں شامل کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ یہ پیشرفت ہوابازی کے بنیادی ڈھانچے میں مسلسل سرمایہ کاری، بہتر فضائی روابط اور ایسے سفری تجربات کی بدولت ممکن ہوئی ہے جو مملکت کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کرتے اور عالمی معیار پر پورا اترتے ہیں۔
سعودی ٹورازم اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور بورڈ ممبر فہد حمیدالدین نے کہاکہ اس تعاون کے ذریعے جدید تشہیری ذرائع کو فروغ دیا جا رہا ہے، جہاں خود سفر کا عمل ہی ایک متاثرکن تجربہ بن جاتا ہے جو ’روحِ سعودی عرب‘ کی ترجمانی کرتا ہے اور سیاحوں کو ایک مکمل اور مربوط سیاحتی تجربہ فراہم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ سعودی ایئرلائنز اور سعودی ٹورازم اتھارٹی کے درمیان یہ اسٹریٹجک شراکت داری متعدد منصوبوں پر مشتمل ہے، جن میں بین الاقوامی سیاحوں کو راغب کرنا، فضائی روابط کو مضبوط بنانا اور بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے اضافی پروازوں کا انتظام شامل ہے۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب: سیاحت و مہمان نوازی کے شعبے میں اساتذہ کی تربیت کے لیے خصوصی پروگرام کا آغاز
دونوں ادارے عالمی سطح کے ایونٹس میں بھی مشترکہ طور پر حصہ لے رہے ہیں، جس سے عالمی سیاحتی نقشے پر سعودی عرب کی حیثیت مزید مستحکم ہو رہی ہے۔














