معروف اداکارہ سجل علی نے اپنی سالگرہ کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اسے اب تک کی سب سے بہترین سالگرہ قرار دیا ہے۔
سجل علی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی حالیہ سالگرہ کے موقع پر خوشی اور شکرگزاری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی اب تک کی سب سے یادگار سالگرہ رہی۔ ہر پیغام اور دعا میں انہوں نے محبت اور مہربانی محسوس کی۔ انہوں نے ان افراد کے لیے خصوصی طور پر شکر ادا کیا جن کی موجودگی ان کی زندگی میں خوش بختی کا باعث ہے۔
View this post on Instagram
انہوں نے کہا کہ میں اس نئے سال میں امید، شکرگزاری اور خود پر مہربان ہونے کا عزم لے کر قدم رکھ رہی ہوں۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنی بہن صبور علی کا کیک اور بے پایاں محبت دینے پر شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ سجل علی 17 جنوری 1994 کو کراچی میں پیدا ہوئیں اور 2011 میں پاکستانی ٹیلی ویژن ڈرامہ ’محمودآباد کی ملکائیں‘ سے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا۔ پاکستان میں اپنی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ انہوں نے بالی ووڈ میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ سجل علی کو سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کیوں کرنا پڑ رہا ہے؟
اداکارہ نے 2017 میں بھارتی لیجنڈری اداکارہ سری دیوی کے ساتھ فلم ’موم‘ میں کام کیا جس میں وہ سری دیوی کی بیٹی کے کردار میں نظر آئیں۔
سجل علی کی یہ سالگرہ ان کے مداحوں کے لیے بھی خاص رہی، جنہوں نے سوشل میڈیا پر ان کی خوشیوں میں شامل ہو کر محبت کا اظہار کیا۔














