وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی کی زیر صدارت حکومت بلوچستان اور پاکستان ریلویز کے مابین ایک اہم مشترکہ اجلاس منگل کو چیف منسٹر سیکریٹریٹ کوئٹہ میں منعقد ہوا جس میں صوبے میں ریلوے کے نظام کی بحالی، پیپلز ٹرین سروس کے آغاز اور مختلف مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر حنیف عباسی نے ریلوے میں اصلاحات کا خاکہ پیش کردیا
اجلاس کے دوران بلوچستان میں پیپلز ٹرین سروس سمیت متعدد جوائنٹ وینچر منصوبوں کے آغاز پر اصولی اتفاق کیا گیا۔
اس موقعے پر وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلویز کی 78 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی سطح پر ڈیوولوشن کا تاریخی فیصلہ کیا گیا ہے جو وفاق اور صوبوں کے درمیان اعتماد اور اشتراک عمل کی مضبوط مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی ریلوے سروسز کے منصوبوں میں تینوں صوبوں نے دلچسپی ظاہر کی تاہم عملی قیادت بلوچستان نے سنبھالی جو وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مؤثر قیادت اور واضح وژن کا مظہر ہے۔
حنیف عباسی کی میر سرفراز بگٹی کی تعریف
ان کا کہنا تھا کہ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان میں ریلوے نظام جدید، مؤثر اور پائیدار حکمت عملی کے تحت ترقی کی جانب گامزن ہے۔
مزید پڑھیے: پاکستان ریلوے کی کایا پلٹنے کا فیصلہ، وزیراعظم کا منافع بخش ادارہ بنانے کی ہدایت
وفاقی وزیر ریلویز نے پیپلز ٹرین سروس کو پاکستان ریلویز اور حکومت بلوچستان کے باہمی اشتراک کا حسین امتزاج قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ عوام کو سستی، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔
پیپلز ٹرین منصوبے پر تیز پیشرفت کے خواہاں ہیں، سرفراز بگٹی
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان پیپلز ٹرین سروس منصوبے پر تیز رفتار اور عملی پیشرفت کی خواہاں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نئے ریلوے اسٹیشنز کی تعمیر اور موجودہ ریلوے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے حکومت بلوچستان تمام مطلوبہ وسائل فراہم کرے گی۔
وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ پیپلز ٹرین سروس منصوبے کے لیے ایک ارب 40 کروڑ روپے رواں ہفتے جاری کر دیے جائیں گے تاکہ منصوبے پر بلا تاخیر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سریاب تا کچلاک پیپلز ٹرین سروس کی کامیابی کے بعد اس سروس کا دائرہ مستونگ سے پشین اور دیگر علاقوں تک وسیع کیا جائے گا۔
فٹبال گراؤنڈ کا دورہ
بعد ازاں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے ریلویز فٹ بال گراؤنڈ کا دورہ بھی کیا جہاں کھیلوں کے فروغ اور پاکستان ریلویز کی اراضی پر مشترکہ ترقیاتی منصوبے شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
مزید پڑھیں: سرکاری نوکریاں آن لائن میرٹ پر تقسیم ہوں گی، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا اعلان
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریلوے سسٹم کی بحالی اور عوام کو سستی، محفوظ اور بااعتماد سفری سہولیات کی فراہمی حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ قریبی اور مؤثر اشتراک جاری رکھا جائے گا۔














