پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پارٹی مخالفین کے ساتھ دشمنی نہیں رکھتی اور بہتر ہوگا کہ صلح صفائی قائم کی جائے، تاہم اگر حکومت ایک طرف ہاتھ ملائے اور دوسری طرف مکا مارے تو حالات بہتر نہیں ہوں گے۔ فی الحال اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں ہے، لیکن اگر ہوا تو اسے چھپایا نہیں جائے گا۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہاکہ وہ چیف جسٹس آف پاکستان سے دوبارہ ملاقات کی کوشش کررہے تھے، تاہم چیف جسٹس مصروف ہیں اور وہ ملاقات کے لیے 3 گھنٹے تک انتظار کرتے رہے۔
مزید پڑھیں: دھرنوں سے بلیک میل نہیں ہونگے، پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے قانونی راستہ اپنائے،عطا تارڑ
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات ان کا آئینی اور قانونی حق ہے، ملاقات کے لیے ان کی تین بہنیں منگل کو اڈیالہ جیل آتی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں حکومت پر لگنے والے الزامات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت پر بلا جواز الزامات نہیں لگنے چاہییں اور اس حوالے سے جن لوگوں نے الزام لگایا ہے وہ ثبوت بھی پیش کریں۔
مقدمات کے سلسلے میں بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ 17 جنوری 2025 کو القادر میں سزا سنائی گئی تھی، مگر ایک سال گزرنے کے باوجود اپیل نہیں لگائی گئی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ضمانت بھی نہیں ملی۔
انہوں نے عدلیہ سے اپیل کی کہ لوگوں کو انصاف ان کے دروازے پر فراہم کیا جائے تاکہ لوگ قانون ہاتھ میں لینے پر مجبور نہ ہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ بشریٰ بی بی پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے، پھر بھی ان کو سزا دی گئی، عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مقدمات میں انصاف کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہاکہ فی الحال اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہے، لیکن اگر بیک ڈور رابطہ ہوا تو اسے چھپایا نہیں جائے گا۔
بیرسٹر گوہر نے علامہ راجا ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی پر پارٹی کے اہم ذمہ دار کردار کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ پاکستان، افواج پاکستان اور ریاست کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور ملکی مفاد میں بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
اپوزیشن لیڈرز کے نوٹیفکیشنز کو انہوں نے مثبت اقدام قرار دیا اور کہا کہ یہ جمہوریت اور ایوان کے لیے مفید ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت ایک ہاتھ سے ہاتھ ملائے اور دوسرے سے مکا مارے تو حالات خراب ہوں گے، لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ دونوں ہاتھ ملائے تاکہ مسئلہ حل ہو سکے۔
مزید پڑھیں: بانی پی ٹی آئی عمران خان سے پوچھے بغیر کوئی کام نہیں کروں گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی
بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا کہ 8 فروری کو پارٹی علامتی دن کے طور پر منائے گی، اس دن پارٹی احتجاج ریکارڈ کرائے گی اور یہ پرامن ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کریں۔













