فیڈرل فلڈ کمیشن نے دریائے کابل اور اس کے معاون ندی نالوں میں فلیش فلڈ کے خطرے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق 21 سے 24 جنوری کے دوران ایک طاقتور مغربی سسٹم ملک کے بالائی علاقوں، بشمول خیبر پختونخوا اور کشمیر کو متاثر کرے گا، جس کے باعث شدید بارش اور برفباری متوقع ہے۔
مزید پڑھیں: دریاؤں میں درمیانے درجے کا سیلاب، اربن فلڈ کا خدشہ، محکمہ موسمیات کی وارننگ
فیڈرل فلڈ کمیشن نے بتایا کہ 22 اور 23 جنوری کو دریائے کابل میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ کا امکان ہے، اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی موجود ہے۔ سوات، چترال، دیر، مالاکنڈ، مانسہرہ سمیت متعدد اضلاع کو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کریں تاکہ انسانی جانوں اور سرکاری و نجی املاک کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ محکمہ آبپاشی اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ہنگامی تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: آئندہ دنوں ملک کے مختلف علاقوں بارش کا امکان، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
فیڈرل فلڈ کمیشن نے صورتحال پر کڑی نظر رکھنے اور موسمیاتی خطرات سے بروقت نمٹنے کا اعلان کیا ہے۔













