وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب اور لاہور ڈیولپمنٹ پلان کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، جس دوران انہوں نے پنجاب کے تمام شہروں کے داخلی و خارجی راستوں کو سٹی گیٹ ویز میں تبدیل کرنے اور پورے صوبے کا فرسٹ امپریشن بہتر بنانے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ہر ترقیاتی پراجیکٹ کی جیو ٹیگنگ اور شہروں کی سجاوٹ کی براہ راست مانیٹرنگ کرنے کا حکم دیا، اور کہاکہ ہر منصوبے میں بیوٹی فکیشن پلان لازمی ہونا چاہیے۔
مزید پڑھیں: مریم نواز کا بڑا اعلان، پنجاب کے 59 شہروں میں ترقیاتی منصوبے شروع
انہوں نے اوور ہیڈ برجز کے نیچے منی پارکس اور پلے ایریاز بنانے، سیوریج اور ڈرینج منصوبوں کی کھدائی کے بعد سڑکوں کی تعمیر و بحالی یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں تاکہ پنجاب کے عوام دھول اور مٹی سے محفوظ رہ سکیں۔
وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ شہروں میں کھلے مین ہول ڈھانپیں اور ہر ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی جیو ٹیگنگ کریں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈیولپمنٹ پلان کے پہلے فیز کے منصوبے کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں اور دوسرے فیز پر کام جاری ہے۔ ہر ڈی سی آفس میں کنٹرول روم اور مینجمنٹ سیل قائم کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں تاکہ منصوبوں کی شفاف مانیٹرنگ ممکن ہو سکے۔ پہلے فیز کے منصوبوں میں 28 کروڑ روپے کے فنڈز کی بچت ہوئی۔
حکام کے مطابق پنجاب ڈیولپمنٹ پراجیکٹ کے تحت سات شہروں میں 23 ارب 40 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ سرگودھا، ڈی جی خان، گجرات اور جھنگ میں سیوریج، ڈسپوزل، ڈرینج اور واٹر اسٹوریج ٹینک تعمیر کیے جائیں گے۔
’جہلم، حافظ آباد اور اوکاڑہ میں ٹرنک سیوریج، نئے ڈسپوزل اور بارش کے پانی کے نکاس کے لیے ڈرینج سسٹم بنایا جائے گا۔ منصوبوں کے لیے 526 مشینری یونٹ فراہم کیے جائیں گے اور فیز دو میں 8 شہروں میں سیوریج، ڈرینج، واٹر ٹینک اور دیگر ترقیاتی کام مکمل کیے جائیں گے۔‘
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ کھودے گئے گڑھوں کو حفاظتی تار سے ڈھانپنا ضروری ہے اور ہر روڈ پر مین ہول کا لیول اتنا ہموار ہونا چاہیے کہ عوام کو نقصان نہ پہنچے۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا معیار یکساں ہونا چاہیے اور فٹ پاتھ و سڑکوں کے اطراف یکساں ڈیزائن اور کلر کی ٹائلیں لگائی جائیں۔
وزیراعلیٰ نے ہر شہر میں گرین بیلٹ اور گرین اسپیس بنانے، ایک ہی یوٹیلیٹی کوریڈور بنانے، بجلی کے پولز اور وائرنگ منظم انداز میں لگانے، اور تحصیلوں میں بھی سٹریٹ لائٹس نصب کرنے کی ہدایات دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اوپن ایئر جم، واکنگ ٹریک، چھوٹے فوڈ کورٹ اور تفریحی مقامات بنائے جائیں اور نجی و سرکاری عمارتوں کے فائر سیفٹی سسٹمز کا آڈٹ بھی کیا جائے۔
مزید پڑھیں: پہلی مرتبہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کا محور صرف لاہور یا بڑے شہر نہیں، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف
انہوں نے مزید کہاکہ پی ڈی پی کے تحت نئے مین ہولز لگائے جا رہے ہیں اور کھلے مین ہولز بند کیے جائیں گے، سڑک کھودنے کے بغیر منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا، انہوں نے ہدایت کی کہ ہر منصوبے میں بیوٹی فکیشن پلان لازمی ہونا چاہیے۔
’پنجاب کے ہر شہر میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور مین ہولز کو کور کرنا یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کی سہولت اور ماحول کی بہتری ممکن ہو سکے۔‘











