امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کو قتل کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، اور ان کا ملک مکمل تباہ کردیا جائےگا۔
امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ایران کی جانب سے ممکنہ دھمکیوں سے متعلق سوال پر صدر ٹرمپ نے کہاکہ انہیں ذاتی طور پر ایسا ہونے کا امکان نظر نہیں آتا، تاہم اس معاملے پر پیشگی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور ایک نوٹیفکیشن پہلے ہی تیار ہے۔
مزید پڑھیں: آیت اللہ خامنہ ای نے ایران میں احتجاج کے دوران اموات کا ذمہ دار ڈونلڈ ٹرمپ کو قرار دیدیا
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ایران نے انہیں قتل کرنے کی کوشش کی یا ایسا کوئی اقدام کیا تو امریکا ایران کو مکمل طور پر تباہ کر دے گا۔
یاد رہے کہ حال ہی میں ایرانی سپریم لیڈر نے ایک بیان میں ایران میں ہونے والے مظاہروں کے دوران جانی و مالی نقصان کا ذمہ دار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قرار دیا تھا۔
ادھر چند روز قبل امریکا کے سابق سفیر ڈان شپیرو نے دعویٰ کیا تھا کہ صدر ٹرمپ آئندہ چند ہفتوں میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
ادھر ایرانی پارلیمنٹ نے خبردار کیا ہے کہ اگر سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای پر حملہ کیا گیا تو جہاد کا فتویٰ جاری کردیں گے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پارلیمنٹ نے دشمنوں کو واضح وارننگ دیتے ہوئے متفقہ قرارداد پاس کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم لیڈر پر حملہ پورے اسلامی نظام اور ملت پر حملہ شمار ہوگا۔
دوسری جانب قومی سلامتی کمیٹی نے بھی کہاکہ اگر کسی نے خامنہ ای کو نشانہ بنایا تو ایران بھر میں دفاع کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور یہ سرحد عبور کرنے پر خطے میں وسیع جنگ کے خطرات کو جنم دے سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: آیت اللہ خامنہ ای پر حملہ ہوا تو جہاد کا فتویٰ جاری کردیں گے، ایرانی پارلیمنٹ
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی خبردار کیا ہے کہ سپریم لیڈر کے خلاف کوئی بھی حملہ ایرانی قوم کے خلاف اعلانِ جنگ کے مترادف ہوگا۔













