وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں معیشت استحکام اور ترقی کی درست سمت میں گامزن ہے اور مائیکرو، سمال اور میڈیم کاروبار (ایس ایم ایز) پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ حکومت نے ایس ایم ایز کو قومی ترقی کے مرکز میں رکھا ہے اور معاشی پالیسیاں ہر ضلع اور چھوٹے کاروبار تک پہنچانا اپنی ترجیح قرار دی ہے۔
مزید پڑھیں: ڈھاکا: تھرڈ میڈ اِن پاکستان ایگزیبیشن کا آغاز، دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کا عزم
ہارون اختر خان نے مزید بتایا کہ ایس ایم ایز روزگار، پیداوار اور برآمدات میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں، اور ملک بھر میں ایس ایم ای کلسٹرز کے ساتھ مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔ تمام صوبوں اور علاقوں کی نمائندگی کے ساتھ ایس ایم ای پالیسی تشکیل دی گئی ہے، اور خواتین کاروباریوں کی شمولیت حکومت کی معاشی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ میڈ اِن پاکستان ایس ایم ای کلسٹر شوکیس ایکسپو 2026 لاہور میں 24 سے 26 جنوری تک ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی، جس میں 30 سے زائد کلسٹر پویلینز اور 174 نمائندگان شرکت کریں گے۔ خواتین اور مائیکرو کاروباروں کے لیے خصوصی پویلینز قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ بینکوں اور مالیاتی اداروں کی شمولیت سے ایس ایم ایز کو براہِ راست مالی رسائی ملے گی۔
مزید پڑھیں: میڈ اِن پاکستان کا لوگو بیرون ملک جانا بڑی کامیابی ہے، وزیر تجارت جام کمال
ہارون اختر خان نے کہا کہ ایس ایم ای ایکسپو صرف نمائش نہیں بلکہ پاکستان کی معاشی طاقت اور برآمدات کی حوصلہ افزائی کا قومی پلیٹ فارم ہے، اور عوام معیاری پاکستانی مصنوعات خرید اور آرڈرز بک کر سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایس ایم ایز مضبوط ہوں گی تو پاکستان مضبوط ہوگا، اور یہ ایکسپو وزیر اعظم کے معاشی وژن کا عملی مظہر ہے۔














