جرمن کار ساز کمپنی آؤڈی نے جو اس سیزن میں ساؤبر ٹیم کو خریدنے کے بعد فارمولا ون میں اپنا باقاعدہ آغاز کرنے جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فارمولا ون ڈرائیور کارلوس سینز کی تیز رفتاری کام آگئی، قیمتی گھڑی بازیاب
کمپنی نے اپنی تاریخ کی پہلی سنگل سیٹر ریسنگ کار متعارف کرا دی۔ کمپنی نے سنہ 2030 تک عالمی چیمپیئن شپ جیتنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔
آؤڈی کی اس نئی کار کو آؤڈی آر 26 کا نام دیا گیا ہے جس کا ڈیزائن زیادہ تر سرمئی رنگ پر مشتمل ہے جبکہ پچھلے ونگ پر جرمن برانڈ کے مشہور 4 دائروں والے لوگو کو سرخ رنگ میں نمایاں کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ ڈیزائن گرڈ پر موجود سب سے زیادہ خوبصورت اور نمایاں کار بنانے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔
گزشتہ سیزن میں ساؤبر کی نمائندگی کرنے والے ڈرائیورز نیکو ہُلکن برگ اور گیبریئل بورٹولیٹو 2026 میں بھی ٹیم کا حصہ رہیں گے تاہم ٹیم اب آؤڈی کے نام سے مقابلوں میں شریک ہوگی۔
آؤڈی فارمولا ون منصوبے کے سربراہ اطالوی میٹیا بینوٹو کا کہنا تھا کہ سال 2026 کے قوانین نے فارمولا ون میں داخلے کے لیے بہترین موقع فراہم کیا ہے۔
مزید پڑھیے: آئندہ بجٹ میں لگژری ٹیکس: ہائبرڈ گاڑیوں والے فائدے میں رہیں گے
ٹیم پرنسپل جوناتھن ویٹلی نے کہا کہ یہ کار ہماری تنصیبات میں موجود بے حد باصلاحیت افراد کی ہزاروں گھنٹوں کی محنت کا عملی نمونہ ہے۔
انہوں نے کہا آج ہم فخر کے ساتھ اس سفر کا آغاز کر رہے ہیں تاہم عاجزی کے ساتھ بھی، کیونکہ یہ ایک طویل مہم کا پہلا دن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد ٹیم کے ہر حصے میں چیمپیئن شپ کا مزاج پیدا کرنا ہے۔
جوناتھن ویٹلی نے کہا کہ ہم ایسی ثقافت قائم کرنا چاہتے ہیں جو مضبوطی، درستگی اور مسلسل جستجو پر مبنی ہو، جہاں بہترین کارکردگی کے حصول کے لیے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ چیلنج ہی ہمارے لیے جوش و جذبے کا باعث ہے کہ ہم ایک ایسی ٹیم تیار کریں جو ہر لیپ، ہر بریفنگ اور ہر ریس کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی جائے اور ہم اپنے طویل المدتی خواب کو بتدریج ٹریک پر حقیقت میں بدلیں گے۔
مزید پڑھیں: چینی کمپنیوں نے کیسے پاکستان میں ہونڈا، سوزوکی اور کرولا کی اجارہ داری ختم کی؟
دیگر 10 فارمولا ون ٹیموں کی طرح آؤڈی کی یہ نئی کار بھی اگلے ہفتے بارسلونا کاتالونیا سرکٹ پر ہونے والے ٹیسٹ سیشنز کے دوران پہلی بار ٹریک پر نظر آئے گی۔














