دنیا بھر میں بچوں میں مقبول مزاحیہ پروگرام دی مپٹ شو ایک طویل وقفے کے بعد دوبارہ اسکرین پر واپس آ رہا ہے۔ ڈزنی نے اس شو کی واپسی کا اعلان کرتے ہوئے آفیشل ٹریلر جاری کر دیا ہے، جس میں بچوں کے پسندیدہ کردار ایک بار پھر رنگ، موسیقی اور مزاح کے ساتھ ناظرین کو محظوظ کرتے نظر آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کے 12ڈزنی پارکوں کی صرف 12دن میں سیر
نئی پیشکش میں کیرمٹ دی فراگ، مس پگی اور مپٹس کے تمام معروف کردار ایک بار پھر اصل مپٹ تھیٹر میں نظر آئیں گے۔ اس شو میں معروف پاپ گلوکارہ سبریینا کارپنٹر مرکزی مہمان کے طور پر شریک ہوں گی، جبکہ مایا روڈولف بھی بطور مہمان جلوہ گر ہوں گی۔ سیٹھ روگن اس منصوبے میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے ساتھ ساتھ بطور مہمان اداکار بھی شامل ہیں۔
دی مپٹ شو کو معروف تخلیق کار جم ہینسن نے تخلیق کیا تھا، جو پہلی بار 1976 میں نشر ہوا اور 1981 تک جاری رہا۔ یہ شو اپنے دور کے کامیاب ترین بین الاقوامی ٹی وی پروگراموں میں شمار ہوتا ہے، جسے 100 سے زائد ممالک میں نشر کیا گیا۔ اس دوران ایلٹن جان، ڈیانا راس، جانی کیش اور لائزا منیلی سمیت کئی عالمی شہرت یافتہ شخصیات نے بطور مہمان شرکت کی۔ پروگرام کو ایمی، گریمی، پیباڈی اور بافٹا سمیت متعدد اعزازات بھی حاصل ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: فلمی کردار جو ناظرین کی زندگیوں میں رچ بس گئے
نئی خصوصی قسط کی ہدایت کاری الیکس ٹمبرز نے کی ہے، جبکہ اسے 20th ٹیلی وژن، ڈزنی برانڈڈ ٹیلی وژن، دی مپٹس اسٹوڈیو اور پوائنٹ گرے پکچرز نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا ہے۔ سیٹھ روگن، ایون گولڈ برگ اور جیمز ویور سمیت مپٹس سے وابستہ تجربہ کار شخصیات ایگزیکٹو پروڈیوسرز میں شامل ہیں۔ بل بیریٹا، ڈیو گولز، ایرک جیکبسن اور میٹ ووگل جیسے سینئر پرفارمرز اپنے کردار ایک بار پھر نبھائیں گے۔
یہ واپسی ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب دی مپٹ شو اپنی 50ویں سالگرہ کے قریب پہنچ رہا ہے، جو 2026 میں منائی جائے گی۔ دی مپٹ شو کے تمام 5 سیزنز اس وقت ڈزنی پلس پر دستیاب ہیں۔
یہ خصوصی شو ڈزنی پلس پر رات 12:00 پی ایس ٹی اور 3:00 اے ایم ای ایس ٹی پر ریلیز ہوگا، جبکہ بعد ازاں اے بی سی پر رات 9:00 بجے پرائم ٹائم میں نشر کیا جائے گا۔













