جونیئر ایشیا ہاکی کپ: پاک بھارت میچ دلچسپ مقابلے کے بعد 1-1 گول سے برابر

اتوار 28 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جونیئر ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا اہم میچ انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد 1-1 گول سے برابر رہا۔ پاکستان کی جانب سے واحد گول بشارت علی نے کیا، عبدالحنان شاہد میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ گرین شرٹس کو اپنے چوتھے میچ میں جاپان کا چیلنج درپیش ہوگا۔

جونیئر ایشیا ہاکی کپ کے سنسنی خیز مقابلے عمان کے شہر صلالہ میں جاری ہیں، گروپ بی میں شامل روایتی حریفوں کے درمیان میچ دلچسپ ثابت ہوا۔ دونوں ٹیموں کی جانب سے شروع ہی سے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا گیا۔ میچ میں پہلی کامیابی بھارت کو 24 ویں منٹ میں حاصل ہوئی جب شرآنند تواری نے پنالٹی کارنر کے ذریعے گول کر دیا، بھارت کی برتری 44ویں منٹ میں اس وقت ختم ہو گئی جب پاکستان کے بشارت علی نے گیند کو جال تک پہنچا کر مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا۔

تصویر بشکریہ: عمان سپورٹس ٹی وی

میچ کے اختتام تک کوئی بھی ٹیم مزید گول سکور کرنے میں ناکام رہی، اس طرح میچ برابری پر ختم ہوا۔ پاکستان کے عبدالحنان شاہد کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ گروپ بی میں پاکستانی ٹیم 7 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، بھارت کے بھی 7 پوائنٹس ہیں تاہم بھارت کا گول ڈیفرنس 20 جبکہ پاکستان کا گول ڈیفرنس 23 ہے۔ دفاعی چیمپئن بھارت 3 مرتبہ جونیئر ایشیا کپ جیت چکا ہے۔ پاکستانی ٹیم اپنا چوتھا گروپ میچ کل بروز پیر کو جاپان کے خلاف کھیلے گی۔

یاد رہے کہ جونیئر ایشیا ہاکی کپ 23 مئی سے یکم جون تک عمان کے شہر صلالہ میں کھیلا جا رہا ہے۔ ایونٹ میں حصہ لینے والی 10 ٹیموں کو 2 پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پول اے میں چینی تائپے، بھارت، جاپان، پاکستان اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔ پول بی میں میزبان عمان کے علاوہ بنگلہ دیش، کوریا، ملائیشیا اور ازبکستان شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp