وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وطنِ عزیز نے اللہ کے فضل اور شہدا کے لہو کی بدولت عزت اور وقار کے بلند مقام حاصل کیے ہیں، خیبرپختونخوا میں فوج دہشتگردوں کے خلاف لڑ رہی ہے مگر صوبائی حکومت کا کوئی عملی کردار نظر نہیں آتا۔
مزید پڑھیں: دہشتگردی کو پاکستان کی سرحدوں سے اٹھا کر بحرِ ہند میں ڈبو دیا جائے گا، وزیراعظم محمد شہباز شریف
سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم نے گزشتہ سال ایک بڑی جنگ جیتی، پاکستانی افواج نے دشمن کے سامنے بے مثال بہادری دکھائی جبکہ دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ شہدا کی قربانیوں کے سبب آج ملک میں امن قائم ہے اور عوام محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔
خواجہ آصف نے خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ صوبائی حکومت کا اس میں کوئی عملی کردار نظر نہیں آتا۔
انہوں نے کہاکہ پاک فوج نے دشمن کی پانچ گنا زیادہ طاقت کو شکست دی اور امریکی صدر ٹرمپ نے اس معرکے کا ذکر 62 مرتبہ کیا، جس میں 6 سے 8 بھارتی طیارے مار گرائے گئے۔ یہ معرکہ حق کی فتح تھی، جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیر دفاع نے حکومت کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہاکہ 8 ماہ قبل پاکستانی پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں 140 ویں نمبر پر تھا، جو اب 98 ویں نمبر تک پہنچ چکا ہے۔
مزید پڑھیں: افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشتگردی: طالبان حکومت بننے سے بہتری کا خیال غلط نکلا
انہوں نے اس پیشرفت میں پاک فوج کے کردار کو نہایت اہم اور قابلِ فخر قرار دیا۔













