29 مئی : عالمی امن کے لیے کوشاں اقوام متحدہ کے امن دستوں کے 75 سال مکمل

اتوار 28 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عالمی امن کے لیے کوشاں اقوام متحدہ کے امن دستوں کو 29 مئی کو 75 سال مکمل ہوں گے۔ گزشتہ 75 برس میں اقوام متحدہ کے امن دستوں نے عالمی امن اور سلامتی کی خاطر بے شمار قیمتی جانوں کو بچایا۔ یہ دن اقوامِ متحدہ کا امن برقرار رکھنے کی کاوشوں، انسانی مصائب کے خاتمے، جنگوں اور اندرونی تنازعات سے لیس ممالک میں دیرپا امن و امان کی صورتحال قائم رکھنے کے عالمی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

پاکستان جب سے اقوامِ متحدہ کا حصہ بنا پاکستانی بلیو ہیلمٹ نے دنیا کے قریباً تمام برِاعظموں میں اپنی بہادری اور ذمہ داری کے ساتھ خدمات انجام دی ہیں۔ پاکستانی امن دستے نہایت مہارت اور لگن کے ساتھ اقوامِ متحدہ کی امن فورسز کے مشن کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے اصولوں کے مطابق، پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہونے کے ناتے، امن مشاہدہ کاروں کو ان کا مینڈیٹ مکمل کرنے کے لیے پوری مدد اور مکمل رسائی فراہم کرتا ہے۔

اقوام متحدہ کے امن مشنز کے دوران اب تک 171 پاکستانی فوجی، بشمول 27 افسران نے عالمی سطح پر امن کی بحالی کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جس کے اعتراف میں انہیں اقوام متحدہ کے خصوصی اعزاز سے بھی نوازا گیا ہے۔

عالی سطح پر امن کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات میں پاکستانی پیس کیپرز نے اپنا کلیدی کردار ادا کیا ہے جو مستقبل میں بھی بھر پور انداز سے جاری رہے گا۔

اقوام متحدہ امن مشن کے 75 سال مکمل ہونے پر 8 پاکستانی فوجیوں کو بعد از شہادت اعزاز سے نوازا گیا، ہمیں ان پر فخر ہے، وزیراعظم شہبازشریف

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے امن مشن کے 75 سال مکمل ہونے پر 8 پاکستانی امن فوجیوں کو بعد از شہادت اعزاز سے نوازا گیا، ہمیں ان پر فخر ہے۔

اپنے ٹوئیٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اقوام متحدہ کے پرچم تلے امن مشن میں سب سے زیادہ کردار ادا کرنے والے ممالک میں سے ایک ہونے پر فخر ہے۔ پاکستانی فوجیوں نے انتہائی پیچیدہ اور خطرناک تنازعات والے علاقوں میں جان کی قربانیاں دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اپنے امن کے رکھوالوں پر فخر ہے کہ ان کی اپنے فرض سے بے مثال وابستگی ہے۔

امن مشن کی 75 ویں سالگرہ: اقوام متحدہ نے 8 شہدائے پاکستان کو اعزازات سے نوازا

اقوام متحدہ امن مشنز میں پاکستان کی گراں قدر خدمات کا برملا اعتراف، امن مشن کی 75ویں سالگرہ پر 8 پاکستانی امن فوجیوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔ کانگو ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید 6 پاکستانی اہلکاروں کو بھی میڈلز سے نوازا گیاہے۔

26 مئی کو نیو یارک میں اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز میں ڈیگ ہمارسکجولڈ میڈل، ملٹری جینڈر ایڈووکیٹ آف دی ایئر ایوارڈز کی تقریب ہوئی، جس کی صدارت اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے کی۔

دنیا بھر سے اقوام متحدہ کے 103 امن دستوں میں سے 8 پاکستانی امن فوجیوں کو اعزاز دیے گئے۔ پاکستانی قائم مقام مستقل مندوب محمد عامر خان نے سیکریٹری جنرل انتونیو گوئترس سے میڈلز وصول کیے۔ اس موقع پر پاکستانی ملٹری اور پولیس مشیر کرنل راجا افضال احمد بھی موجود تھے۔

پاک فوج کے کانگو میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید 6 اہلکاروں کو بھی میڈلز سے نوازا گیا۔ پاکستانی امن دستے کا ہیلی کاپٹر 29 مارچ 2022ء کو کانگو میں حادثے کا شکار ہوا تھا۔

اقوام متحدہ امن دستے میں شریک لیفٹیننٹ کرنل آصف علی اعوان شہید، میجر محمد سعد نعمانی شہید، میجر فیضان علی شہید، حوالدار محمد اسماعیل شہید ۔۔نائب صوبیدار سمیع اللہ خان شہید، لانس حوالدار محمد جمیل خان، حوالدار بابر صدیق، کارپورل رانا محمد طاہر اسلام کو بھی میڈلز سے نوازا گیا۔

پاکستان، اقوام متحدہ امن مشنز میں تعاون فراہم کرنے والا پانچواں بڑا ملک ہے

پاکستان، اقوام متحدہ امن مشنز میں تعاون فراہم کرنے والا پانچواں بڑا ملک ہے۔ پاکستان کے 4 ہزار 200 فوجی، پولیس اہلکار اقوام متحدہ امن مشنز میں وسطی افریقہ، قبرص، جمہوریہ کانگو، مالی، جنوبی سوڈان اور مغربی صحارا سمیت دیگر ممالک میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

گزشتہ 7 دہائیوں پر محیط امن مشن میں 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد پاکستانی مرد و خواتین اہلکار 28 ممالک میں اقوام متحدہ کے 46 مشنز میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ 27 افسران سمیت 171 بہادر پاکستانی امن دستوں نے صرف صومالیہ میں اقوام متحدہ کے پرچم تلے اپنی جانیں نچھاور کیں۔

اقوام متحدہ کے امن دستوں کا عالمی دن 29 مئی 1948 سے اقوام متحدہ کے پرچم تلے خدمات انجام دینے والے امن فوجیوں اور سویلین اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ 29 مئی کو اقوام متحدہ کی امن فوج کی 75 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp