پاکستان کی معروف اور سینئر غزل گو کلاسیکل گلوکارہ ترنم ناز نے حال ہی میں انکشاف کیا کہ اپنی محنت کی کمائی سے بنایا گیا گھر بچوں کے نام کر دینا ان کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی ہے۔
ترنم ناز نے حال ہی میں ایک شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی۔ شو کے دوران میزبان وصی شاہ نے ترنم ناز سے پوچھا کہ ان کی زندگی کا غمگین ترین لمحہ کون سا تھا جس کے جواب میں گلوکارہ نے بتایا کہ انہوں نے اپنی محنت کی کمائی سے زمین خریدی اور دل سے گھر بنایا۔ چونکہ بچے اُس وقت چھوٹے تھے اس لیے انہوں نے گھر اپنے بچوں کے نام کر دیا۔
گلوکارہ نے تسلیم کیا کہ اپنا گھر بچوں کے نام کردینا میری زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی جس کا رنج تاحیات رہے گا، ترنم ناز نے دکھ بھرے انداز میں بتایا کہ جب بچے بڑے ہوگئے اور ان کی شادی کرائی تو وہ گھر میں سے حصہ مانگنے لگے۔
انہوں نے کہا کہ گھر بچوں کے نام نا کیا ہوتا تو وہ میرے تابعدار رہتے، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ وہ اب بھی تابعدار ہیں میری خدمت کرتے ہیں لیکن اگر گھر میرے ہی نام رہتا تو صورت حال مختلف ہوتی اور یہ میری زندگی کا غلط فیصلہ تھا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور آنے کی خواہش لیے دنیا سے جانے والا موسیقار
واضح رہے کہ ترنم ناز کو کلاسیکل پی ٹی وی گانوں کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔ وہ استاد عاشق حسین کی شاگردہ رہ چکی ہیں اور ان کی آواز میں میڈم نور جہاں سے مماثلت دیکھی جاتی ہے۔ انہیں ان کے فن کی وجہ سے پرائڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا جا چکا ہے۔














