وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 47 ارب روپے کے رمضان نگہبان پیکج کی منظوری دے دی ہے۔
۱:- 42 لاکھ مستحق خاندانوں کو دس،دس ہزار روپے ملیں گے۔
۲:- نادار افراد کو “نگہبان کارڈز”… pic.twitter.com/StmSvCyuKn
— Azma Zahid Bokhari (@AzmaBokhariPMLN) January 26, 2026
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے مطابق اس پیکج کے تحت صوبے بھر کے 42 لاکھ مستحق خاندانوں کو 10،10 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے جبکہ نادار افراد کو نگہبان کارڈز مہیا کیے جائیں گے۔
اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ بابرکت رمضان میں پنجاب کا کوئی دسترخوان خالی نہیں رہے گا اور نہ ہی کوئی مستحق، ماں، باپ، مزدور یا سفید پوش خاندان تنہا محسوس کرے گا۔ پنجاب میں رمضان کی برکتیں ہر گھر تک پہنچائی جائیں گی اور 42 لاکھ خاندانوں، یعنی ایک کروڑ افراد کے لیے اربوں روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
رمضان نگہبان پیکیج کے تحت پنجاب کے 42 لاکھ مستحق خاندانوں کو 10،10 ہزار روپے دیے جائیں گے جبکہ نادار افراد کو نگہبان کارڈز مہیا کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس پیکج کی منظوری ایک اہم اجلاس کے دوران دی، جس میں رمضان شریف کی پیشگی تیاریوں اور عوامی ریلیف کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سی ایم راشن کارڈ، نگہبان دسترخوان، سہولت بازار اور دیگر انتظامی امور کی بھی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ امداد کے لیے کسی کو بھٹکنا نہیں پڑے گا۔ رمضان نگہبان کارڈ کے ذریعے کیش کے ساتھ ساتھ دیگر ضروری اشیاء خریدنے کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ متعلقہ علاقوں میں گھر گھر جا کر وزیراعلیٰ پنجاب رمضان نگہبان کارڈ فراہم کرے گی۔ نگہبان کارڈ کے ذریعے بینک آف پنجاب کے برانچ لیس بینکنگ ایجنٹس اور ون لنک نیٹ ورک کے اے ٹی ایم سے بھی کیش حاصل کیا جا سکے گا جبکہ بینک آف پنجاب کے مقررہ دکانداروں سے رمضان نگہبان کیش کے ذریعے خریداری بھی ممکن ہوگی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نگہبان کارڈ کی ایکٹیویشن کے لیے 136 ایکٹیویشن مراکز قائم کرنے کی ہدایت دی ہے جبکہ پنجاب بینک کی اے ٹی ایم مشینوں پر بھی رمضان نگہبان کارڈ ایکٹیویٹ کیا جا سکے گا۔ پنجاب بھر میں راشن کارڈ ہولڈرز کو رمضان المبارک میں 3 ہزار روپے ماہانہ کے بجائے 10 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
’شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے رمضان نگہبان ڈیش بورڈ قائم کیا گیا ہے اور کارڈ ہولڈرز کو کال کر کے کاؤنٹر چیکنگ کا نظام بھی نافذ کیا جائے گا۔‘
وزیراعلیٰ نے رمضان نگہبان کارڈ کے ذریعے ادائیگی کے نظام کو مزید آسان بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ہر تحصیل میں رمضان المبارک کے دوران 8 نگہبان دسترخوان، ’مریم کے مہمان‘ کے نام سے قائم کیے جائیں گے۔ ان دسترخوانوں کے تحت ہر روز دو ہزار روزہ داروں کے لیے افطاری کا اہتمام کیا جائے گا۔
’کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو نگہبان دسترخوان کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی روزانہ کی بنیاد پر ان دسترخوانوں کی نگرانی کرے گی۔ نگہبان دسترخوان میں روزہ داروں کی کھجور، سموسہ، دودھ، روح افزا، کیلا اور چکن بریانی سے تواضع کی جائے گی۔‘
رمضان المبارک کے دوران 30 اضلاع میں 65 سہولت بازار فعال ہوں گے، جن میں 50 مستقل اور 15 سہولت بازار آن دی گو شامل ہوں گے، جبکہ دیگر 11 اضلاع میں عارضی رمضان سہولت بازار قائم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فری ہوم ڈیلیوری کے لیے نگہبان کارڈ سے ادائیگی کی سہولت فراہم کرنے، 60 تحصیلوں میں سہولت بازار کے لیے فوری طور پر اراضی کی نشاندہی اور سہولت بازاروں میں نرخ، صفائی، سیکیورٹی اور دیگر امور کی نگرانی کے لیے 1250 کیمروں کے ساتھ صوبائی مانیٹرنگ روم قائم کرنے کی ہدایت بھی دی۔
وزیراعلیٰ نے رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کے نرخ مزید کم کرانے کے اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فلور ملز، چکن، کریانہ اور گھی ملز ایسوسی ایشن کے اسٹالز بھی قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ کوئی بھی مستحق خاندان رمضان المبارک میں خود کو تنہا محسوس نہ کرے، حکومت دکھ سکھ میں غریب عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ وزیراعلیٰ نے صاحبِ ثروت افراد پر زور دیا کہ وہ اپنے اردگرد موجود مستحق لوگوں کو کھانا کھلائیں اور کہا کہ لوگوں کی خدمت کر کے رمضان المبارک میں دنیا اور آخرت سنواری جا سکتی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قیامت کے دن عبادت گزار پیچھے اور اچھے اخلاق والے آگے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ خدمت کے جذبے کے ساتھ فرائض سرانجام دیے جائیں تو اللہ تعالیٰ راضی ہوتا ہے اور رزق میں اضافہ ہوتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیاکہ اللہ کی مخلوق کی خدمت صرف ان کی نہیں بلکہ ہر کمشنر، ہر ڈی سی اور ہر افسر کی ذمہ داری ہے اور رمضان المبارک میں مخلوق کی خدمت میں کسی قسم کی کسر نہیں چھوڑنی چاہیے۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بیوٹیفکیشن کے لیے اچھا کام کرنے والے ڈپٹی کمشنرز کو سراہا اور دیگر افسران کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے سہولت بازار پراجیکٹ کی کامیابی پر چیئرمین افضل کھوکھر اور ان کی پوری ٹیم کو شاباش دی، ہر ضلع میں نہروں کی بھل صفائی بروقت مکمل کرنے کا حکم دیا اور سرگودھا میں صفائی کی صورتحال بہتر نہ ہونے پر اظہارِ ناپسندیدگی کرتے ہوئے ڈی سی کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم نے رمضان پیکج کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی ہدایت کردی
رمضان شروع ہونے سے پہلے ہی وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے 47 ارب روپے کے”رمضان نگہبان پیکج کی منظوری دے دی۔رمضان کے بابرکت مہینے میں کوئی دسترخوان خالی نہیں رہےگااور نہ ہی کوئی مستحق تنہا۔
واضح رہے کہ رمضان المبارک میں ہر سال حکومت کی جانب سے مستحق افراد کے لیے پیکج کا اعلان کیا جاتا ہے، جبکہ وفاقی حکومت بھی مستحقین کی مدد کرتی ہے۔













