وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان پیکج کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی ہدایت کردی ہے۔
پیر کے روز وزیراعظم ہاؤس میں پرائم منسٹر رمضان ریلیف پیکج 2025 کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکج کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس پیکیج کو شفاف بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک ، نادرا اور ٹیک اداروں کی کاؤشیں لائق تحسین ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے 20 ارب روپے مالیت کے رمضان پیکج کا اعلان کردیا، 40 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے
انہوں نے کہا کہ رمضان پیکیج پورے پاکستان بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لیے بلاتفریق متعارف کروایا گیا ہے، جس میں پیسے مستحقین تک ڈیجیٹل والٹ کے انتہائی سہل اور شفاف نظام کے ذریعے پہنچائے جارہے ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس ماڈل کو دیگر حکومتی اسکیموں میں بھی اپنایا جائے اوررمضان ریلیف پیکج کے حوالے سے ٹیلی کام کمپنیوں اور بینکوں کی جانب سے چلائی جا رہی آگہی مہم کو مزید مؤثر بنانے اور اس حوالے سے ایک جامع رپورٹ ترتیب دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: رمضان پیکج پر اضافی رقم لینے پر 3 ایجنٹس گرفتار، بلیک لسٹ کر دیے گئے
اس موقع پر اجلاس کو رمضان ریلیف پیکج 2025 کے حوالے سے پیشرفت پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک 63 فیصد مستحقین کو رقم پہنچائی جاچکی ہے
ایسے تمام مستحق افراد جن کو رقم مل چکی ہے ان کی تمام تر دستاویزی تفصیلات موجود ہیں، وزیراعظم رمضان ریلیف پیکج کے حوالے سے 2 ہزار 224 ملازمین ڈیوٹی پر مامور ہیں، ریلیف پیکج کے حوالے سے اب تک ڈیڑھ ملین سے زیادہ مستحقین کو ٹیلیفون کالز کی جاچکی ہیں۔