ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک نے میٹا کی ملکیت والے واٹس ایپ کو ڈیٹا سیکیورٹی کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بنایا اور صارفین سے کہا کہ وہ ایکس چیٹ استعمال کریں۔
ایلون مسک کی یہ پوسٹ میٹا کے خلاف دائر ایک مقدمے کے تناظر میں سامنے آئی ہے جس میں واٹس ایپ کی پرائیویسی اور سیکیورٹی سے متعلق دعوؤں کو چیلنج کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ارکانِ اسمبلی کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک، قومی اسمبلی میں خطرے کی گھنٹی
ایلون مسک نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا ’واٹس ایپ محفوظ نہیں ہے۔ حتیٰ کہ سگنل بھی مشکوک ہے۔ ایکس چیٹ استعمال کریں‘۔
WhatsApp is not secure. Even Signal is questionable.
Use 𝕏 Chat. https://t.co/MWXCOmkbTD
— Elon Musk (@elonmusk) January 27, 2026
مسک نے یہ تبصرہ ایک صارف کی پوسٹ کے جواب میں کیا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ واٹس ایپ اپنے صارفین کی نجی چیٹس پڑھ سکتا ہے، حالانکہ کمپنی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا وعدہ کرتی ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق مقدمہ دائر کرنے والے مدعیان کا تعلق بھارت، آسٹریلیا، برازیل، میکسیکو اور جنوبی افریقہ سے ہے۔ مدعیان نے الزام عائد کیا ہے کہ میٹا اور واٹس ایپ صارفین کی نجی گفتگو کو محفوظ کرتے، تجزیہ کرتے اور اس تک رسائی رکھتے ہیں اور اس طرح اربوں صارفین کو دھوکہ دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ کی بچوں کے لیے سخت پرائیویسی کنٹرولڈ فیچر متعارف کروانے کی تیاری
واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ اس کی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کی بدولت پیغامات صرف بھیجنے والے اور وصول کرنے والے تک محدود رہتے ہیں۔ میٹا کے ترجمان اینڈی اسٹون نے اس مقدمے کو ’فضول اور بے بنیاد‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی قانونی کارروائی کے ذریعے مدعیان کے وکلا کے خلاف پابندیاں حاصل کرے گی۔
واضح رہے کہ میٹا نے 2014 میں واٹس ایپ کو خرید لیا تھا، اور اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن گزشتہ ایک دہائی سے اس کا حصہ ہے۔














