متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے سانحہ گل پلازہ کی جوڈیشل انکوائری کرانے سمیت وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر اطلاعات شرجیل میمن اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں: سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے مکمل ازالے کا فیصلہ، سندھ کابینہ نے اہم منصوبوں کی منظوری دے دی
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت جوڈیشل کمیشن کے قیام پر کس بات سے ڈر رہی ہے، ایم کیو ایم کسی صورت اس مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
انہوں نے کہاکہ سانحہ گل پلازہ سے توجہ ہٹانے کے لیے من گھڑت کہانیاں بنائی جا رہی ہیں، لیکن ہم شہدا کو ہر صورت انصاف دلا کر رہیں گے۔
فاروق ستار نے کہاکہ اگر حکومت کمشنر کراچی سے انکوائری کرائے گی تو پھر کون اسے قبول کرےگا۔
ایم کیو ایم رہنما نے ایک بار پھر کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی کی حکومت 18 سال سے کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کررہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سیکیورٹی دینا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، اگر یہ سیکیورٹی نہیں دیں گے تو ہم وفاقی حکومت سے بات کریں گے۔
انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اس سے قبل کہ سندھ میں آگ بھڑکے وہ بحیثیت چیئرمین پی پی پی وزیراعلیٰ سندھ، وزیراطلاعات اور میئر کراچی سے استعفے لے لیں۔
واضح رہے کہ کراچی کے سانحہ گل پلازہ میں درجنوں افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں، اور اب ڈی این اے کے ذریعے لواحقین کو مرنے والوں کی باقیات حوالے کی جارہی ہیں۔
مزید پڑھیں: گل پلازہ آتشزدگی، سرکار کی مدعیت میں درج مقدمہ کی تفصیلات سامنے آگئیں
سانحہ گل پلازہ کے بعد یہ مطالبہ سامنے آیا کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کر دینا چاہیے، جس پر پیپلز پارٹی کی جانب سے سخت ردعمل ظاہر کیا جا رہا ہے۔














