بالی ووڈ کی معروف ہدایتکارہ اور کوریوگرافر فراح خان نے حال ہی میں اپنی ایک وی لاگ کے دوران فلم انڈسٹری میں خوبصورتی کے معیار پر دلچسپ تبصرہ کیا، جس میں انہوں نے ایشوریا رائے بچن کو واحد اداکارہ قرار دیا جسے وہ قدرتی طور پر خوبصورت سمجھتی ہیں۔
فرح خان اپنے ایک کُکنگ وی لاگ میں اس وقت گفتگو کا حصہ بنیں جب وہ ایک اسکن کیئر برانڈ کی تشہیر کر رہی تھیں۔ اس دوران ان کے باورچی دلیپ نے ان کی چمکتی ہوئی جلد کی تعریف کی جس پر فرح نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ یہ ان کی ’قدرتی چمک‘ اور ’اندرونی خوبصورتی‘ ہے۔ بعد ازاں انہوں نے کیمرے کی جانب دیکھتے ہوئے اسکن کیئر پروڈکٹ کو اس تعریف کا اصل حقدار قرار دیا اور ہنستے ہوئے کہا کہ ’دلیپ کو یہی سمجھنے دیا جائے کہ میں قدرتی طور پر خوبصورت ہوں‘۔
یہ بھی پڑھیں: فرح خان کی یو ٹیوب آمدن زیادہ ہے یا فلم سے کمائی، بالی ووڈ ہدایت کار کا انکشاف
اسی گفتگو کے دوران فرح خان نے فلم انڈسٹری میں رائج خوبصورتی کے معیار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ایشوریا رائے کو چھوڑ کر شاید ہی کوئی قدرتی طور پر خوبصورت ہو‘۔ ان کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کی۔
فرح خان نے اپنی آئندہ ہدایتکاری سے متعلق بھی اہم انکشاف کیا۔ انہوں نے اداکار نکول مہتا کے گھر کے دورے کے دوران بتایا کہ وہ رواں سال کے اختتام تک اپنی اگلی فلم پر کام شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پارٹیوں میں لوگ میرے شوہر کو نظرانداز کرتے اور مجھ ہی سے بات کرتے تھے، فرح خان کے انکشافات
فرح خان کے مطابق، انٹرنیٹ پر ان کی واپسی کے مطالبے کے حوالے سے ’واپس آؤ فرح خان‘ کے نام سے ایک پٹیشن بھی موجود ہے جس کے باعث وہ اب دوبارہ ہدایتکاری کی جانب متوجہ ہو رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر وہ کسی فلم کی ہدایتکاری کریں گی تو وہ شاہ رخ خان کے ساتھ ہی ہوگی، بصورت دیگر وہ یوٹیوب پر اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں گی۔
واضح رہے کہ فرح خان اس سے قبل میں ہوں نا، اوم شانتی اوم اور تیس مار خان جیسی کامیاب فلموں کی ہدایتکاری کر چکی ہیں۔ حال ہی میں وہ سیلیبریٹی ماسٹر شیف (2024–2025) کی میزبانی بھی کر چکی ہیں۔














