اداکارہ ہانیہ عامر نے حالیہ دنوں ڈراما کفیل کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان میں مردانگی کے رائج تصور پر کھل کر بات کی ہے۔ 28 سالہ اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ڈرامے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس میں مردانہ کردار کو طاقت، جبر یا کنٹرول کے بجائے ذمہ داری، تحفظ اور احساس کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ ہانیہ عامر پر کاسمیٹک سرجری کے الزامات، کزن نے سوشل میڈیا پر حقائق بیان کردیے
ہانیہ عامر کے مطابق کفیل میں دکھائی گئی مردانگی اس سوچ کی عکاسی کرتی ہے جس کی آج کے معاشرے کو ضرورت ہے، جہاں بھائی اپنی بہنوں کے محافظ بن کر سامنے آتے ہیں، ان کی زندگی پر حکم چلانے والے نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مرد کا کردار عورت کے راستے روکنا نہیں بلکہ مشکل وقت میں اس کے ساتھ کھڑا ہونا ہونا چاہیے۔

اداکارہ نے اس بات پر زور دیا کہ ڈراما ایک حساس سماجی مسئلے کو جذباتی مگر ذمہ دار انداز میں پیش کرتا ہے، جو ناظرین کو سوچنے پر مجبور کرتا ہے۔ ان کے نزدیک یہ کہانی دکھ ضرور دیتی ہے مگر اس کے پیچھے ایک مثبت پیغام چھپا ہے جو معاشرتی رویوں میں بہتری کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اتنی افواہوں کے بعد اب خود بھی شادی کا دل چاہتا ہے، ہانیہ عامر
ہانیہ عامر نے ڈرامے کی مجموعی کہانی، کردار نگاری اور پیشکش کو پاکستانی ٹیلی ویژن کی بہترین مثال قرار دیا۔ انہوں نے بگ بینگ انٹرٹینمنٹ کے ساتھ ساتھ عماد عرفانی اور عاشر وجاہت کی اداکاری کو بھی سراہا۔
واضح رہے کہ ڈراما کفیل کی تحریر معروف مصنفہ عمیرہ احمد نے لکھی ہے جبکہ ہدایت کاری میسم نقوی نے کی ہے، ڈرامے میں صنم سعید اور عماد عرفانی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ منّزہ عارف، کاشف محمود اور جاوید رضوی معاون کرداروں میں شامل ہیں، ڈراما کفیل نجی ٹی وی پر ہر پیر اور منگل کی شب 8 بجے نشر ہوتا ہے۔














