قومی سلامتی کے اداروں پر گمراہ کن الزامات لگانے کے کیس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔
مزید پڑھیں: علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد کے سینیئر سول جج عباس شاہ نے سہیل آفریدی کے خلاف کیس کی سماعت کی، اور عدم حاضری پر سہیل آفریدی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 10 فروری تک کے لیے ملتوی کردی۔
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ریاستی اداروں پرگمراہ کن الزامات اور ساکھ متاثر کرنے کے کیس میں عدم حاضری پر سہیل آفریدی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے10 فروری کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ pic.twitter.com/tYQTZaDSx1
— Tayyab Khan (@TayyabKhanARY) January 28, 2026
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت این سی سی آئی اے نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف جھوٹے مقدمات کی بھرمار کردی گئی ہے۔ فارنزک کروا کر انہیں 3 سال قبل کے ریڈیو پاکستان کے کسی حملے میں ملوث کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے بھی انہیں ایک نوٹس دے دیا ہے کہ کیوں نا آپ کو نااہل قرار دیا جائے، یہ سہیل آفریدی کو کراچی میں ملنے والی پذیرائی سے خوفزدہ ہیں۔
مزید پڑھیں: مجھے نااہل کرانے کی کوششیں ہو رہی ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا دعویٰ
سلمان اکرم راجا نے کہاکہ جس طرح سے عوام والہانہ نکلے اس سے یہ پورا نظام بوکھلا گیا ہے۔














