گورنر خیبرپختونخوا، فیصل کریم کنڈی نے قائم مقام صدر پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی سے ان کی رہائشگاہ اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن و امان، گڈ گورننس اور صوبے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے وادی تیراہ سے عارضی انخلاء کی صورتحال سے بھی صدر کو آگاہ کیا۔
مزید پڑھیں: وادی تیراہ میں کوئی آپریشن نہیں ہورہا، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی
گورنر کے مطابق انجمن ہلال احمر ضم اضلاع برانچ تیراہ متاثرین کی مکمل امداد میں مصروف عمل ہے اور تیراہ میں شدید برفباری میں پھنسے افراد کو فوری اشیائے خورونوش، ادویات اور دیگر ضروری امداد فراہم کی گئی۔
تحصیل باڑہ میں تیراہ سے عارضی انخلاء کرنے والے متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا اور متاثرین کو مکمل تعاون کا یقین دلایا گیا۔
قائم مقام صدر پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی نے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع خیبر سمیت ضم اضلاع کے عوام نے ملک و قوم کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام کی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
مزید پڑھیں: دہشتگرد وادی تیراہ میں موجود، کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں کی جائےگی، مشیر وزیراعظم رانا ثنااللہ
قائمقام صدر نے مزید کہا کہ صوبے میں پائیدار امن سے ہی ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہو سکتا ہے اور ضم اضلاع سمیت خیبرپختونخوا کے عوام کی ترقی و خوشحالی ان کی حکومت کا مشن ہے۔













