وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ نے بانی پاکستان تحریک انصاف کی صحت کے حوالے سے پھیلی افواہوں کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بالکل صحت مند ہیں۔ اس دوران وہ اس امر کی وضاحت بھی کر رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کا پمز اسپتال میں معائنہ محض معمولی طبی کارروائی کے لیے کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:آنکھ کا مسئلہ یا کچھ اور؟ عمران خان کو پمز اسپتال لانے کے بعد کیا کچھ ہوتا رہا؟
وزیراطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے نجی نیوز چینل سے گفتگو میں بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل میں آنکھوں کے ماہرین نے معائنہ کیا تھا، جنہوں نے معمولی طبی کارروائی کے لیے پمز اسپتال لے جانے کی تجویز دی تھی۔
ان کے مطابق گزشتہ ہفتے کی رات بانی پی ٹی آئی کو پمز اسپتال لے جایا گیا، جہاں صرف 20 منٹ کے معائنے کے بعد انہیں واپس جیل روانہ کردیا گیا۔ وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ اس دوران بانی پی ٹی آئی مکمل صحت مند تھے اور انہیں کسی بھی سنگین طبی کارروائی کی ضرورت نہیں تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے ان کی صحت سے متعلق خبروں پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ نجی نیوز چینل سے گفتگو میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر علاج کسی سرکاری اسپتال میں ہوا تو یہ تشویش ناک پہلو ہے اور اہلِ خانہ کو کسی بھی طبی پیش رفت سے آگاہ نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کو اسپتال لائے جانے سے متعلق خبر کی تصدیق یا تردید کی پوزیشن میں نہیں، طلال چوہدری
عطاء تارڑ نے اس بات کو بھی واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہیں بے بنیاد ہیں اور وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں، جبکہ معمولی معائنہ صرف پیشگی حفاظتی اقدام تھا۔













