بنگلہ دیش: جماعت اسلامی کے رہنما کو اینٹوں سے مار کر ہلاک کرنے کا الزام

جمعرات 29 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شیرپور کے جھینائگاتی اَپزِلا میں جماعت اسلامی اور بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کے کارکنان کے درمیان پرتشدد جھڑپوں کے نتیجے میں جماعت اسلامی کے ایک سینیئر رہنما جاں بحق ہو گئے۔

اس ہلاکت نے انتخابات سے قبل سیاسی تشدد کے خدشات کو نئے سرے سے ہوا دی ہے۔

جماعت اسلامی شیرپور کے امیر حافظ الرحمان نے الزام عائد کیا ہے کہ شیربور کے سریبارڈی اَپزِلا یونٹ کے سیکریٹری رضا الکریم کو بی این پی کے کارکنان نے اینٹوں سے بری طرح پیٹ کر ہلاک کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش: بی این پی اور جماعت اسلامی کے کارکنوں میں تصادم، عبوری حکومت کا معاملے کی تحقیقات کا اعلان

حافظ الرحمان نے بی این پی پر’سوچی سمجھی سازش کے تحت قتل‘ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر انتظامیہ 24 گھنٹوں میں قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی تو جماعت اسلامی شدید احتجاج کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ صورتحال بگڑنے کی صورت میں ہر لحاظ سے انتظامیہ جوابدہ ہوگی۔

یہ پرتشدد واقعہ بدھ کے روز اُس وقت پیش آیا جب جھینائگاتی اَپزِلا اسٹیڈیم میں اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر کے زیرِ اہتمام انتخابی منشور پڑھنے کا پروگرام جاری تھا۔

حکام اور عینی شاہدین کے مطابق، مخالف امیدواروں کے حامیوں کے درمیان اگلی قطاروں میں بیٹھنے کے تنازع پر کشیدگی بڑھی اور یہ جھڑپ میں تبدیل ہو گئی۔

رضاالکریم جھڑپ کے دوران شدید زخمی ہوئے اور ابتدا میں انہیں جھینائگاتی اَپزِلا ہیلتھ کمپلیکس منتقل کیا گیا، بعد میں شیربور ڈسٹرکٹ اسپتال بھیجا گیا، جہاں حالت بگڑنے پر انہیں میمن سنگھ میڈیکل کالج اسپتال بھیجا گیا، لیکن وہ راستے میں ہی رات 9:30 بجے دم توڑ گئے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ صورتحال قابو سے باہر ہو گئی، دونوں جانب کے کارکن ایک دوسرے کا پیچھا کرنے لگے۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش: دہائیوں بعد جماعت اسلامی ایوان قتدار کے بہت قریب پہنچ گئی، الجزیرہ کی رپورٹ

سینکڑوں کرسیاں اور کئی موٹر سائیکلیں توڑی گئیں، اور دونوں پارٹیوں کے 50 سے زائد کارکن زخمی ہوئے۔

شام کے وقت جھینائگاتی ٹاؤن میں تصادم کا دوسرا دور بھی ہوا جس میں مزید افراد زخمی ہوئے۔

جماعت کے مقامی رہنماؤں نے الزام لگایا کہ شام کے پرتشدد واقعے میں بی این پی کے کارکنان نے رضاالکریم کو پکڑ کر ان کے سر پر اینٹ مار کر ہلاک کیا۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش انتخابات: اے بی پارٹی نے مختلف راستہ اختیار کرنے کا عندیہ دے دیا

جماعت اسلامی کے رہنما عبدالمنان نے کہا کہ بی این پی کے کارکنان نے ان کے حامیوں کا پیچھا کیا اور کریم کو پکڑ کر حملہ کیا۔

جماعت اسلامی کی جانب سے شیرپور3 کے امیدوار نورالزمان بدل نے آئندہ انتخابات میں ’منصفانہ مقابلے کے مواقع‘ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر کے رویے پر سوال اٹھایا۔

انہوں نے اس واقعے کو سیاسی مقصد سے انجام دیا گیا قرار دیتے ہوئےغیرجانبدارانہ تفتیش اور فوری گرفتاریوں کا مطالبہ کیا۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش کو فاشسٹ طرز سیاست سے نکالنا ضروری، جماعت اسلامی

شیرپور ڈسٹرکٹ اسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق موت کی صحیح وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد تصدیق کی جائے گی۔

رضاالکریم فتح پورفاضل مدرسہ میں عربی کے لیکچرار تھے اور مقامی مسجد میں امام کی خدمات بھی انجام دے رہے تھے۔

یہ واقعہ شیربور میں بنگلہ دیش کے آئندہ پارلیمانی انتخابات کی تیاریوں کے دوران سیاسی کشیدگی میں اضافہ کا باعث بن گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp