معروف بالی وُڈ اداکار انوپم کھیر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں انہوں نے پاکستان کے سینیئر اداکار اور مزاح نگار سہیل احمد کی مزاحیہ آڈیو استعمال کی ہے۔ ویڈیو کے بعد صارفین کی جانب سے دلچسپ اور تعریف بھرے تبصرے سامنے آئے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے سہیل احمد کی تعریف کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے لیجنڈ اداکار اور بہترین آرٹسٹ قرار دیا۔ اسی کے ساتھ ساتھ انوپم کھیر کی بھی صارفین نے پذیرائی کی۔
View this post on Instagram
واضح رہے کہ سہیل احمد المعروف ’عزیزی‘ پاکستان کے معروف مزاح کار، اسٹیج اور ٹیلی ویژن اداکار ہیں۔ ان کی شہرت اس وقت عروج پر پہنچی جب انہوں نے لاہور میں مزاحیہ ڈرامے کیے، اور تب سے وہ مسلسل اپنے فن کے بل بوتے پر مقبول ہیں۔
سہیل احمد کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے۔ جنگِ ستمبر 1965 کے دوران وہ صرف دو سال کے تھے۔ نوجوانی میں وہ لاہور منتقل ہوئے اور تب سے لاہور میں مقیم ہیں۔ انہوں نے اپنا پہلا تھیٹر پلے گوجرانوالہ میں کیا، جبکہ پہلا اسٹیج ڈرامہ معروف اسٹیج آرٹسٹ مستانہ کے ساتھ تھا۔













