معروف نوجوان پاکستانی اداکارہ علیزے شاہ نے سینئر گلوکارہ شازیہ منظور کے حالیہ بیان پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے ان پر بے ایمانی کا الزام عائد کیا ہے۔ علیزے شاہ نے کہا ہے کہ محض سینئر ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی شخص ایماندار، باشعور یا باوقار بھی ہو۔
انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری میں انہوں نے لکھا کہ صرف اس لیے خلوص کی توقع رکھنا کہ کوئی سینئر ہے، ایسے ہی ہے جیسے دیوار میں سر مارنا۔ سینیارٹی دانائی، وقار یا ایمانداری کی ضمانت نہیں ہوتی۔ سب سے زیادہ مایوس کن بات یہ ہے کہ سینئرز کو بار بار اپنے کام کے بجائے تنازعات کے ذریعے متعلقہ رہتے دیکھنا‘۔

علیزے شاہ نے مزید لکھا کہ ’شازیہ منظور میں دل سے امید کرتی ہوں کہ آپ کا کام آپ کی موسیقی اور ٹیلنٹ کی وجہ سے وائرل ہو، نہ کہ بار بار ماڈلز اور اداکاروں کو مارننگ شوز میں نیچا دکھانے کی وجہ سے۔ اصل قدر کو کبھی دوسروں کو کم تر دکھا کر ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی‘۔
یہ بھی پڑھیں: علیزے شاہ کے الزامات پر شازیہ منظور نے بھی خاموشی توڑ دی
واضح رہے کہ علیزے شاہ اور شازیہ منظور کے درمیان تنازعہ دسمبر 2021 میں اُس وقت سامنے آیا تھا جب ایک شو کے دوران ریمپ پر پرفارمنس کرتے ہوئے علیزے شاہ گر گئی تھیں۔ اس واقعے کے بعد دونوں شخصیات کے درمیان اختلافات سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے تھے۔
علیزے شاہ نے الزام عائد کیا تھا کہ برائیڈل فیشن شو کے دوران اسٹیج پر ان کا گرنا محض اتفاق نہیں تھا بلکہ شازیہ منظور نے مبینہ طور پر انہیں بار بار پکڑا اور دانستہ طور پر دھکا دیا، جس کے باعث وہ توازن کھو بیٹھیں۔
شازیہ منظور نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے علیزے شاہ کو کسی بھی قسم کا دھکا نہیں دیا وہ خود توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور اسٹیج پر پھسل گئیں۔













