ایک سال کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان 200 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

جمعہ 30 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان نے چین کے ساتھ تقریباً 200 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جن میں سے ایک تہائی اب باقاعدہ معاہدوں میں تبدیل ہو رہی ہیں جس کے نتیجے میں 2 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چین اور پاکستان کے تعلقات لوہے جیسے مضبوط ہیں، نائب صدرسینٹر فار چائنا اینڈ گلوبلائزیشن

یہ بات جمعے کو پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہونے والے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں پاکستان اور چین کے تعلقات، بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال اور ملک کی اقتصادی سفارتکاری کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اجلاس کے دوران کمیٹی کو پاک چین تعلقات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں خطے میں بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی حالات، بالخصوص ایران سے متعلق پیشرفت کے تناظر میں دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔

چین کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کی نوعیت اور اہمیت پر بریفنگ

چیئرمین کمیٹی نے گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ سے چین کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کی نوعیت اور اہمیت پر بریفنگ دینے کی دعوت دی۔

 حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ’اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری‘ بدستور مضبوط ہے اور چین کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ون چائنا پالیسی پر غیر متزلزل طور پر قائم ہے اور تائیوان، سنکیانگ، تبت، ہانگ کانگ، جنوبی بحیرہ چین اور انسانی حقوق سے متعلق معاملات پر چین کی حمایت دوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر جاری رکھے گا۔

  کشمیر کے مسئلے پر چین کے مؤقف پر بات کرتے ہوئے حکام نے بتایا کہ یہ ایک حل طلب تنازع ہے جسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور دوطرفہ معاہدوں کے مطابق پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔

 اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے چیئرمین آغا شاہ زیب درانی نے پاکستان کی موجودہ خارجہ پالیسی کے ایک اہم اور نمایاں پہلو کی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا کہ معمول کی سفارتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کا فعال کردار خصوصی توجہ کا مستحق ہے۔ ایران سے متعلق حالیہ کشیدگی، سرحدی معاملات اور خلیجی خطے میں بڑھتے تناؤ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان حالات کو معمول پر لانے، مکالمے کے فروغ اور تنازعات کے پرامن حل میں ایک مؤثر اور نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

مزید پڑھیے: پاک چین دوستی وقت اور حالات کی آزمائشوں میں مزید مضبوط ہوئی ہے، مزمل اسلم

 چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پاکستان تاریخی طور پر خطے میں ایک متوازن اور قابل اعتماد کردار ادا کرتا رہا ہے اور ایک مرتبہ پھر ایک استحکام بخش قوت کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی استحکام براہِ راست پاکستان میں امن کو فروغ دیتا ہے اور معاشی مواقع پیدا کرتا ہے۔

اس تناظر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مشرق اور مغرب کے درمیان، حتیٰ کہ ایران اور امریکہ کے درمیان بھی ایک پل کا کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس کردار کو اب عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم کے وژن کی تعریف

 آغا شاہ زیب درانی نے وزیراعظم پاکستان اور نائب وزیراعظم و وزیرِخارجہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی سفارتکاری اور قومی ترقی کے فروغ میں ان کی قیادت اور وژن قابلِ ستائش ہے۔

انہوں نے مفاہمتی یادداشتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیشرفت وزیرِاعظم کی معاشی پالیسیوں اور نائب وزیراعظم و وزیرِخارجہ کی مؤثر سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

 چیئرمین کمیٹی نے پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک علاقائی اور عالمی امور میں ایک ذمہ دار اور قابلِ اعتبار کردار کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے آئندہ اعلیٰ سطحی دوروں اور رابطوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قازقستان اور ازبکستان جیسے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط پاکستان کے وسیع ہوتے ہوئے سفارتی دائرہ کار کا ثبوت ہیں۔

 اجلاس میں پاکستان اور چین کے درمیان حالیہ قریبی سیاسی و سفارتی رابطوں، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی اسٹریٹجک اہمیت اور اس کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور اپ گریڈیشن پر بھی زور دیا گیا۔ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے کے منصوبے بھی زیر غور ہیں تاکہ علاقائی رابطہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔

مزید پڑھیں: پاکستان پہلی بار چین میں رواں ماہ کے اختتام پر پانڈا بانڈ جاری کرے گا، وزیرِ خزانہ محمداورنگزیب

 کمیٹی کو چین کے علاقائی سفارتی کردار پر بھی بریفنگ دی گئی، جس میں پاکستان-چین-بنگلہ دیش سہ فریقی نظام، پاکستان-چین-افغانستان فریم ورک کی بحالی اور چین-ایران-پاکستان انسداد دہشت گردی مشاورت شامل ہیں۔ حکام نے بتایا کہ سال 2026 پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی علامت ہوگاجس کے موقع پر مشترکہ تقریبات اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے پروگرام ترتیب دیے جا رہے ہیں۔

 وزارت خارجہ نے گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان کی اقتصادی سفارتکاری پر بھی بریفنگ دی جس میں بین الاقوامی سرمایہ کاری فورمز، بزنس ٹو بزنس کانفرنسز، اعلیٰ سطحی دورے اور طویل عرصے سے التوا کا شکار تجارتی تنازعات کے حل کی کوششیں شامل تھیں جن کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ اور تجارت میں اضافہ ہے۔

 چیئرمین کمیٹی نے اہم تجارتی شراکت دار ممالک، آزاد تجارتی معاہدوں اور کاروباری سہولت کاری کے طریقہ کار پر تفصیلات طلب کیں اور منصوبہ بندی ڈویژن کے ساتھ مشترکہ اجلاس بلانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے چین میں پاکستانی تاجروں کو درپیش لسانی اور انتظامی مسائل کے حل کے لیے وہاں پاکستانی بزنس چیمبر کے قیام کی تجویز بھی دی۔

وزارت خارجہ میں ڈیپوٹیشن پر تعینات افسران کے حوالے سے غور

 اجلاس میں سینیٹر دانش کمار کے سوال پر وزارت خارجہ میں گزشتہ 5 برس کے دوران ڈیپوٹیشن پر تعینات افسران کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔ وزارت نے وضاحت کی کہ ڈیپوٹیشن افسران کو مستقل طور پر جذب نہیں کیا جاتا اور مدت مکمل ہونے پر انہیں ان کے اصل محکموں میں واپس بھیج دیا جاتا ہے۔ چیئرمین نے اس حوالے سے تمام تفصیلات اور اپنائے گئے معیار پر مبنی رپورٹ طلب کر لی۔

 اجلاس کے اختتام پر چیئرمین کمیٹی نے حالیہ سفارتی اور معاشی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے اور عالمی سطح پر امن، استحکام اور اقتصادی تعاون کے لیے ایک ذمہ دار، متوازن اور تعمیری قوت کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: بھارت کا جنوبی ایشیا میں اثرورسوخ کمزور، پاکستان اور چین کی پیشقدمی

اجلاس کی صدارت سینیٹر آغا شاہ زیب درانی نے کی جبکہ اجلاس میں سینیٹر انوشہ رحمان احمد خان، سینیٹر روبینہ قائم خانی،سینیٹر عطاالرحمٰن اورسینیٹر دنیش کمار نے شرکت کی۔ وزارت خارجہ امورکے اعلیٰ حکام جن کی قیادت سیکرٹری خارجہ کر رہے تھے بھی اجلاس میں موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

’ایپسٹین نے اپنے گھناؤنے راز مجھے بتائے‘ متاثرہ خاتون کے چونکا دینے والے انکشافات

جیفری ایپسٹین کو خفیہ دستاویزات دینے کا الزام، سابق پرنس اینڈریو کی ’زیرِ تفتیش‘ رہائی

نامور فلم ساز گھر میں مردہ پائے گئے، لاش کئی روز تک پڑی رہنے کا انکشاف

مجھے سب ہے یاد ذرا ذرا

’عوام کو خشک روٹیاں دکھا کر پچھلے گیٹ سے کھانے منگواتے رہے‘، دھرنے کے دنوں کی منفرد ویڈیو وائرل

ویڈیو

ٹوڈے بائٹس رمضان فیسٹیول، ریاض میں افطار کے لیے فیملیز کی پسندیدہ منزل

پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے واقعی سنجیدہ ہے؟

وزیرستان کی کم عمر کرکٹر آئینہ جو محنت کی پچ پر کامیابی کی اننگز کھیلنا چاہتی ہیں

کالم / تجزیہ

مجھے سب ہے یاد ذرا ذرا

عماد وسیم کی دوسری شادی پر ہنگامہ کیوں؟

بنگلہ دیشی الیکشن، اور سونے کی درست ترتیب