آصف زرداری پر قتل کی سازش کا الزام: شیخ رشید گرفتار

جمعرات 2 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد پولیس نے رات گئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو بحریہ ٹاؤن میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کرکے تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کردیا ہے۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں پیپلز پارٹی راولپنڈی کے نائب صدر راجہ عنایت کی مدعیت میں یکم فروری کو درج ہونیوالی ایف آئی آر پر گرفتار کیا گیا ہے۔

راجہ عنایت کی جانب درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ شیخ رشید نے اپنے انٹرویو میں آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرانے کی سازش کا الزام لگایا۔ شیخ رشید نے ایک سازش کے تحت آصف زرداری پر الزام عائد کرکے سابق صدر اور انکے خاندان کو مستقل خطرے سے دوچارکردیا ہے۔ الزام کے ذریعے سازش کرنے پر شیخ رشید سمیت دیگر کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔

تھانے کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے بتایا کہ پولیس نے انکے گھر کے دروازے کھڑکیاں توڑ کر سو دو سو مسلح لوگ داخل ہوئے۔ بچوں اور ملازموں کو مارا اور زبردستی مجھے اٹھا کر لائے ہیں۔ یہ تھانہ ظلم کا نشان ہے، انشاء اللہ حق کی فتح ہو گی۔ عمران خان کے ساتھ ہیں۔

شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس نے شیخ رشید کو جس ایف آئی آر پر گرفتار کیا اس پر ہم پہلے ہی عدالت سے رجوع کرچکے تھے لہٰذا اب ہم اس پر توہینِ عدالت کی درخواست کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp