خواب سچ ہوا:پاکستانی گلوکارہ ایوا بی کی گلوبل اسپن کے لیے’رائز اِن لیاری‘ پر شاندار پرفارمنس

پیر 29 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی پہلی باحجاب خاتون ریپر گلوکارہ ایوا بی کا خواب سچ ہوا،گلوکارہ نے ریکارڈنگ اکیڈمی گریمی ایوارڈز کےگلوبل اسپن کے لیے اپنے ریپ ٹریک سن ’رائز اِن لیاری‘ پر شاندار پرفارمنس دی ہے۔

ریکارڈنگ اکیڈمی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایوا بی کا گانا شیئر کرتے ہوئے پوسٹ میں لکھا

باحجاب ریپر ایوابی اپنے نئے گانے ’سن رائز اِن لیاری‘ کی پرفارمنس کے ساتھ اپنے آبائی شہر کراچی سے محبت کا اظہار کیا ہے۔

ریکارڈنگ اکیڈمی کے انسٹا گرام پر شیئرکیے جانے والے گانے’ سن رائز اِن لیاری‘ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایوا بی  کراچی کے ایک پسماندہ محلے لیاری کی گلیوں میں ریپ کر رہی ہیں۔ لیاری کا علاقہ برسوں سے گینگ، تشدد،غربت اور منشیات کا شکار ہے۔

گلوبل اسپن کے مطابق ریپر نے گانا خصوصی طور پر گلوبل اسپن کے لیے لکھا ہے۔ ایوا بی کا کہنا ہے کہ گریمیز کی طرف سے گلوبل اسپن سیریز میں نمایاں ہونا ان کے لیے خواب کا پورا ہونا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنی موسیقی کو اس طرح کے عالمی اورمشہور پلیٹ فارم پر پہنچتے ہوئے دیکھنا ایک ناقابل یقین احساس ہے۔

کوک اسٹوڈیو سیزن 14کے گانے ’کنا یاری ‘سے مشہور ہونے والی گلوکارہ نے کہا کہ یہ گانا صرف پہچان کے بارے میں نہیں ہے، یہ اثر اور تعلق کے بارے میں ہے کہ ان کی موسیقی سرحدوں اور ثقافتوں کو پار کر سکتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’سن رائز اِن لیاری‘ ان کے لیے صرف ایک گانا نہیں بلکہ ان کے اب تک کے سفر کی عکاسی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس گانے میں دکھایا گیا ہے کہ لیاری کے چھوٹے فنکاروں کو کس طرح نظر انداز کیا گیا، لیکن وہ ثابت قدم رہے اور اپنے فن کو پیش کرتے رہے۔

ایوا بی کا کہنا تھا کہ اس گانے میں ان کی ذاتی زندگی کے پس منظر کو لوگوں کی جانب سے نشانہ بنائے جانےسے لے کرایک مشہور فنکاربننےتک کا سفر دکھایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ گانا مشکلات سے باہر نکلنےاور اس بات کی علامت ہے کہ ہماری آوازیں اہمیت رکھتی ہیں۔

ایوا بی کا کہنا ہے کہ ابھی سب سے بہتر آنا باقی ہے، وہ مسلسل نئے پراجیکٹس پر کام کر رہی ہیں اور اپنے فن کے اظہار کے لیے مختلف راستے تلاش کر رہی ہیں۔

ریپر کا مزید کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ اپنے نئے البمز تیار کر رہی ہیں جو ان کی موسیقی اور ذاتی ترقی کے مختلف پہلوؤں کوظاہر کریں گے۔

پاکستان کی پہلی باحجاب خاتون گلوکارہ ایوا بی نے کوک اسٹوڈیو کے بلوچی گانے ’کنا یاری‘ سے شہرت حاصل کی تھی۔ ان کا تعلق کراچی کے علاقے لیاری سے ہے۔

ایوا بی کا ایک ریپ ٹریک’ روزی ‘مشہور ہالی وڈ سیریز مس مارول کی ایک قسط میں بھی شامل کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ ایوا بی پاکستان کی پہلی گلوکارہ ہیں جن کی تصویر نیو یارک کے مشہور ٹائم اسکوائر پر آویزاں کی گئی تھی۔

ایوا بی نے 2018میں اپنا پہلا ریپر گانا سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر شیئر کیا تھا جسے صارفین نے کافی پسند کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp