لیبیا کی عرب مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف، فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر اور حکومت لیبیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر اسامہ سعد حماد نے جنرل ہیڈکوارٹرز میں فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج جدید عسکری ٹرانسفارمیشن کی جانب گامزن، مستقبل کی جنگ کے لیے مکمل تیار: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جس میں خاص طور پر اپنے اپنے علاقوں میں سیکیورٹی کے حالات اور پیشہ ورانہ تعاون پر زور دیا گیا۔ اس موقعے پر پاک فوج اور لیبیا کی افواج کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کی جانب سے لیبیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے لیبیا میں امن، استحکام اور ادارہ جاتی ترقی کی حمایت پر بھی زور دیا۔
ملاقات دوستانہ اور تعمیری ماحول میں ہوئی جو پاکستان اور لیبیا کے طویل المدتی دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔
قبل ازیں نور خان ایئر بیس پر پہنچنے پر فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر کا استقبال فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کیا۔
اس موقعے پر مہمان نے شہدا کو خراج عقیدت بھی پیش کیا اور جی ایچ کیو میں واقع شہدا کے یادگار پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔














