سائنس دانوں نے ایک نایاب گہرے سمندری مشن کے دوران ارجنٹینا کے ساحل کے قریب انتہائی بڑی جسامت کی فینٹم جیلی فِش دریافت کی ہے جس کا سائز ایک اسکول بس کے برابر بتایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کہکشانی مہمان، انوکھے سمندری جاندار، جنگلی کیٹرپلر اور یورپ کی آگ
یہ شاندار منظر شمٹ اوشن انسٹیٹیوٹ کے محققین نے ایک ریموٹ کنٹرولڈ آبدوز کی مدد سے ریکارڈ کیا۔ ویڈیو میں نایاب دیوہیکل فینٹم جیلی فِش کو تقریباً 820 فٹ گہرائی میں تیرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ جیلی فِش لمبائی میں ایک اسکول بس جتنی ہو سکتی ہے جبکہ اس کے 4 بازو 30 فٹ سے زائد لمبے ہیں۔ اس کی گھنٹی (بالائی گول اور چھتری نما حصہ) کا قطر ایک میٹر تک ہے۔
اس دریافت پر ردِعمل دیتے ہوئے مشن کی سربراہ سائنس دان ماریہ ایمیلیا براوو نے کہا کہ انہیں ارجنٹینا کے گہرے سمندر میں اس قدر حیاتیاتی تنوع دیکھنے کی توقع نہیں تھی اور یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ یہ علاقہ زندگی سے بھرپور ہے۔
مزید پڑھیے: دنیا کی سب سے مہنگی مچھلی کا ریکارڈ، جاپان میں بلیو فِن ٹونا 92 کروڑ روپے میں فروخت
محققین کی ٹیم نے بیونس آئرس سے لے کر جنوب میں تیئرا ڈیل فیوگو تک ارجنٹینا کے ساحلی علاقوں میں تحقیق کے دوران دیگر اہم دریافتیں بھی کیں۔
Researchers documenting the deep sea near Argentina captured footage of a jellyfish that they say "can grow as long as a school bus." This video shows the rarely seen giant phantom jellyfish at a depth of about 820 feet. Their arms can reach lengths of more than 30 feet long. pic.twitter.com/JV0aoPytXB
— ABC News (@ABC) February 4, 2026
ان میں جنوب مغربی بحر اوقیانوس میں دنیا کی سب سے بڑی مرجانی چٹان شامل ہے جو جھینگوں، مچھلیوں اور آکٹوپس کے لیے اہم مسکن فراہم کرتی ہے۔
اس کے علاوہ، ٹیم نے ملک میں پہلی بار گہرے پانی میں وہیل فال (مردہ وہیل کا مسکن بن جانا) اور 28 نئی حیوانی اقسام بھی دریافت کیں۔
ماریہ ایمیلیا کے مطابق اتنے وسیع حیاتیاتی تنوع، ماحولیاتی نظام کے افعال اور ان کے باہمی تعلقات کو ایک ساتھ دیکھنا ناقابلِ یقین تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے ملک کی حیاتیاتی دولت کی ایک کھڑکی کھولی، مگر ابھی بہت سی کھڑکیاں باقی ہیں۔
مزید پڑھیں: برازیل کی شارک مچھلیاں بھی کوکین کی شوقین
شمٹ اوشن انسٹیٹیوٹ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر جیوٹیکا ورمانی نے کہا کہ ہر گہرے سمندری مشن کے ساتھ یہ حقیقت سامنے آ رہی ہے کہ سمندر زندگی سے بھرپور ہے جتنا ہم خشکی پر دیکھتے ہیں بلکہ شاید اس سے بھی زیادہ کیونکہ زمین پر موجود 98 فیصد قابلِ رہائش جگہ سمندر پر مشتمل ہے۔














