محمد عامر کپتان بابراعظم سے کس بارے میں اختلاف رکھتے ہیں؟

پیر 29 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلرمحمد عامر نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم موجودہ دور کے سب سے بڑے کھلاڑی ہیں، ان کے ساتھ کبھی کوئی اختلاف نہیں رہا،ہمارے درمیان بہترین ہم آہنگی ہے۔ ان کے ٹی ٹوئنٹی کھیل پرمیری رائے مختلف ہے جسے مخالفت کہنا غلط اور افسوس ناک ہے۔

بابر اعظم موجودہ دورکا سب سے اچھا کھلاڑی ہے: محمد عامر

ایک نجی ٹی وی کے پروگرام ’ ہنسنا منع ہے‘ میں بابر اعظم کے ساتھ اختلافات سے متعلق پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے محمد عامر کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ہم سے جونیئرہیں، انہوں نے ہمیشہ ہماری عزت کی ہے، ان کے ساتھ میں پانچ سال سے کرکٹ کھیل رہا ہوں، کبھی بھی ان کے ساتھ ’توتو، میں میں‘ نہیں ہوئی۔ ہمارے درمیان بہت اچھی ہم آہنگی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ بابراعظم کی کرکٹ پر بات کی ہے اس کی شخصیت پر کبھی کوئی بات نہیں کی کہ بابر کوئی اچھا انسان نہیں ہے۔

بابر اعظم کے ٹی ٹوئنٹی کھیل پر میری رائے مختلف ہے: محمد عامر

بطور انسان آپ کبھی کسی کے بارے میں درست رائے نہیں دے سکتے، بطور کھلاڑی کسی کو شاہین اچھا لگتا ہو گا، کسی کو میں اور کسی کو بابراعظم، اب جن کو میرا کھیل پسند نہیں تو کیا میں کہہ دوں کہ وہ میرے دشمن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ کسی کی رائے کو ہمیشہ غلط رخ دے دیتے ہیں، کسی کے بارے رائے دینے کو مخالفت نہیں کہنا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بابراعظم  کے حوالے سے میں نے ہمیشہ یہی بات کہی کہ بابراعظم ون ڈے اورٹیسٹ کرکٹ کا اس دور کا سب سے اچھا کھلاڑی ہے لیکن یہ بات ضرور ہے کہ اس کی ٹی 20 گیم کے حوالے سے میری رائے مختلف ہے، کیوں کہ بطور باؤلر میں انہیں ٹی ٹوئنٹی کا مشکل بلے باز نہیں سمجھتا۔

ان کا کہنا تھا کہ میری اس رائے کو اگر کوئی غلط رنگ دے کر کہہ رہا ہے کہ میں بابراعظم کے خلاف ہوں تو ایسے لوگوں کے لیے میں اللہ سے ہدایت کی دعا ہی کر سکتا ہوں۔ میں اب بھی دعوے سے کہتا ہوں کہ بابراعظم اس دور میں ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کے سب سے بہترین کھلاڑی ہیں۔

سعید اجمل کو ’شبو‘ کہہ کر پکارتے تھے: محمد عامر

ایک اور سوال کے جواب میں محمد عامرنے ماضی کی یادیں ناظرین سے شیئر کرتے ہوئے کہا کہ’ یہ 2009 کی بات ہے ہم سری لنکا کے دورے پر تھے تو ہوٹل سے ایک جانب کامران بھائی اپنی اہلیہ کے ساتھ باہر نکلے توادھر سے سعید اجمل بھائی بھائی بھی باہر آئے تو اسی دوران میں بھی اپنے روم سے باہرآگیا۔

سعید اجمل اور کامران اکمل کی فائل فوٹو

کامران اکمل بھائی نے سعید بھائی کو دیکھتے ہی کہا، او ’شبو‘ تو تیار ہو گئی ہےتواس پر سعید بھائی کی اہلیہ نے فوراً مڑ کر سعید بھائی کی طرف دیکھا اور کہہ ’ یہ تمہیں ’شبو‘ کہہ کر بلاتے ہیں۔

اس پرسعید اجمل نے اپنی اہلیہ سے کہا کہ ہاں کہتے تو یہی ہیں! لیکن اس کو بھی کبھی دیکھا ہے جب یہ وکٹ کے پیچھے ہیلمٹ پہن کر کیپنگ کر رہا ہوتا ہے تو ایسا لگتا ہے جیسے ’چوہے‘ کو جیل ہوئی، ہوئی ہے۔

سعید اجمل، شعیب ملک سے ’جگت‘ میں کوئی نہیں جیت سکتا: محمد عامر

محمد عامر نے انکشاف کیا کہ پاکستانی ٹیم میں سعید اجمل بھائی اور شعیب ملک بھائی دو ایسے کھلاڑی ہیں جن سے آپ ’جگت بازی‘ میں کسی صورت نہیں جیت سکتے۔

ایک اور سوال کے جواب میں محمد عامر کا کہنا تھا کہ بطور سپورٹ پرسن آپ کا دماغی طورپرپُرسکون ہونا بہت ضروری ہے، اگر ٓپ کو ایک’پریشان کن‘ ماحول ملے، گراؤنڈ سے باہرآپ کو مسائل ہوں توآپ گراؤنڈ میں جا کرپھرکچھ بھی نہیں کر سکتے۔

سعید اجمل اور شعیب ملک کی فائل فوٹو

ایک اور سوال کے جواب میں محمد عامر نے کہا کہ کسی بڑے ایونٹ کے میچ سے قبل کھلاڑی بہت بے تاب ہوتا ہے رات کو نیند نہیں آتی۔ میں بطور باؤلر2009 کے ورلڈ کپ کے فائنل اور 2017 کی چمپئن ٹرافی ک۔ فائنل والے روزایسی کیفیت سے گزرا، چمپئن ٹرافی میں رمضان بھی تھا تو میں نے اسی لباس میں نوافل ادا کیے جو پہن کر مجھے صبح فائنل کھیلنا تھا۔

گراؤنڈ سے باہردباؤ ہوتا ہے لیکن جب میدان میں اترتے ہیں تو سارا دباؤ کم ہو جاتا ہے پھرآپ کی توجہ کھیل پرمرکوز ہوجاتی ہے۔

نسیم شاہ کو پاکستان کا موجودہ ٹاپ ون باؤلر سمجھتا ہوں: محمد عامر

ایک اور سوال کے جواب میں عامر نے کہا کہ پاکستان کے ٹاپ 5 بالرز میں بطور سینئر میں خود کو پہلے نمبر پر سمجھتا ہوں، دوسرے پر نسیم شاہ ہے جو مجھے مکمل باؤلرلگتا ہے کیوں کہ وہ نئی گیند سے ان سونگ اور آؤٹ سونگ دونوں طرح کی باؤلنگ کرنے میں ماہر ہے۔ نئے کھلاڑیوں میں، میں نسیم شاہ کو سب سے اچھا باؤلرسمجھتا ہوں

ماضی میں جو ہوا، سب بھلا کر کھیل پر توجہ دی: محمد عامر

ایک اور سوال کے جواب میں محمد عامر نے کہا کہ ماضی میں میرے ساتھ جو ہوا وہ الگ بات ہے لیکن 2015 میں جب میں کرکٹ میں واپس آیا تو اس کے لیے میں تیارتھا کہ مجھے لوگوں کی جانب سے بہت کچھ سننا پڑے گا۔ لیکن میں نے اس کے بعد اپنی پوری توجہ کھیل پر مرکوز رکھی ہے، جب آپ کے سامنے مقصد بڑا ہو تو پھر ایسی چیزیں برداشت کرنا پڑتی ہیں۔ وہ عرصہ واقعی میرے لیے بہت مشکل تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp