صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سائنس میں خواتین اور لڑکیوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستانی خواتین کی صلاحیت، عزم اور حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ خواتین سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خواتین کو تعلیم اور سائنسی قیادت میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے CEDAW کے تحت اپنے وعدوں پر قائم ہے۔
یہ بھی پڑھیے: کوئٹہ: خواتین فٹبالرز کے خواب، سماجی رکاوٹوں کے باوجود آگے بڑھنے کا عزم
صدر زرداری نے کہا کہ ملک کی جامعات میں خواتین طلبا کا تناسب 50 فیصد سے تجاوز کر جانا خوش آئند امر ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی خواتین تعلیم اور تحقیق کے میدان میں آگے بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستانی خواتین انجینئرنگ، طب، کمپیوٹنگ اور بایوٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تحقیق کی قیادت کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ COMSTECH کے پلیٹ فارم کے تحت مسلم دنیا میں سائنسی تعاون کو فروغ دینے میں خواتین کا مؤثر کردار قابلِ ستائش ہے۔ صدرِ مملکت نے نرگس ماولوالا، تسنیم زہرا حسین اور مہیرہ عبدالغنی جیسی ممتاز سائنسدانوں کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ایران میں خواتین کے حقوق کی جانب بڑی پیشرفت، موٹر سائیکل چلانے کی باضابطہ اجازت
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ خواتین کی سائنسی پیش رفت سے صحت، ماحولیات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں بہتری ممکن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین پاکستان کے سائنسی مستقبل کو مزید مضبوط اور روشن بنانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہیں گی۔













