بالی ووڈ کی معروف کامیڈی فلم ’بھاگم بھاگ‘ کے سیکوئل سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سینئر اداکار پریش راول نے تصدیق کی ہے کہ بھاگم بھاگ 2 میں گووندا شامل نہیں ہوں گے اور ان کی جگہ منوج باجپئی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔
2006 میں ریلیز ہونے والی ہدایتکار پریادرشن کی فلم بھاگم بھاگ میں اکشے کمار، گووندا اور پریش راول کی تین رکنی ٹیم نے شاندار مزاحیہ کرداروں کے ذریعے ناظرین کو محظوظ کیا تھا۔ فلم باکس آفس پر کامیاب رہی اور وقت گزرنے کے ساتھ ایک کلٹ کلاسک کا درجہ حاصل کر گئی۔ اب تقریباً دو دہائیوں بعد اس کے سیکوئل کی باضابطہ تیاری جاری ہے تاہم اس بار اصل کاسٹ میں نمایاں تبدیلی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فلم ہیرا پھیری میں بابو راؤ کا کردار ’گلے کا پھندا‘ ہے، پریش راول نے ایسا کیوں کہا؟
پریش راول نے ایک انٹرویو میں گووندا کی عدم شمولیت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس فیصلے کی وجوہات کا علم نہیں ان کا کہنا تھا ’مجھے واقعی اس کی وجہ معلوم نہیں لیکن ہم گویندا کو یاد کریں گے‘۔
منوج باجپئی کی شمولیت پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے پریش راول نے کہا کہ ان کی موجودگی فلم میں ایک نیا اور منفرد امتزاج پیدا کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ خود سیکوئل میں دوہرے کردار میں نظر آئیں گے جس سے کہانی میں مزید دلچسپی پیدا ہونے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرولنگ پر اداکار پریش راول کا ناقدین کو انتہائی شرمناک جواب، سبب کیا تھا؟
فلم کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے ملے جلے ردِعمل سامنے آئے ہیں۔ متعدد صارفین نے اصل تینوں اداکاروں کی جوڑی کو یاد کرتے ہوئے فلم سازوں سے گووندا کو واپس شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ اکشے کمار، گووندا اور پریش راول کی کیمسٹری ہی فلم کی اصل جان تھی۔
واضح رہے کہ بھاگم بھاگ دسمبر 2006 میں ریلیز ہوئی تھی جس کی کہانی ایک تھیٹر گروپ کے گرد گھومتی ہے جو بیرونِ ملک سفر کے دوران غیر متوقع طور پر جرائم اور پراسرار واقعات میں الجھ جاتا ہے۔ فلم میں غلط شناختوں، تیز رفتار واقعات اور برجستہ مکالموں نے اسے یادگار بنا دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: گووندا کا مراٹھی اداکارہ سے مبینہ معاشقہ، اہلیہ سنیتا آہوجا کا ردعمل سامنے آگیا
اس فلم میں لارادتہ، شکتی کپور، راجپال یادو اور مرحوم رازق خان نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔ بھاگم بھاگ 2 کی ریلیز سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں تاہم شائقین کو امید ہے کہ سیکوئل بھی پہلی فلم کی طرح بھرپور تفریح فراہم کرے گا۔














